ایسٹر ہمارے درمیان باہمی عزت و احترام کے جذبوں کو مضبوط بنائے گا‘وزیراعظم محمد نواز شریف کا ایسٹر کے موقع پر پیغام

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 26 مارچ 2016 22:46

ایسٹر ہمارے درمیان باہمی عزت و احترام کے جذبوں کو مضبوط بنائے گا‘وزیراعظم ..

اسلام آباد (ا ردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔26مارچ۔2016ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے ایسٹر کے موقع پر دنیا بھر کی مسیحی برادری بالخصوص پاکستان میں رہنے والے مسیحی بھائیوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ایسٹر ہمارے درمیان باہمی عزت و احترام کے جذبوں کو مضبوط بنائے گا۔ یہ موقع ہمیں حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی تعلیمات کی یاد دلاتا ہے۔

ہفتہ کو وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ ایسٹر کا تہوار ہمیں حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی محبت، برداشت اور بھائی چارے پر مبنی تعلیمات کی یاد دلاتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ عقیدوں کا تناﺅ طاقت کا ذریعہ ہے۔ اس وقت اتحاد اور بین المذاہبی ہم آہنگی کی اشد ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ مشترکہ کوششوں اور اجتماعی عزم کے ساتھ ہمارے معاشرے کو نقصان پہنچانے والی مخالف قوتوں کو شکست دیں گے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ بابائے قوم نے بغیر کسی مذہب، پیشے اور نسلی تفریق کے پاکستان میں رہنے والی تمام برادریوں کیلئے مساوات، آزادی اور تحفظ کی پالیسی کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت ملک میں تمام اقلیتی برادریوں کے بنیادی حقوق، تحفظ اور باعزت زندگی کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے۔ پاکستان میں تمام اقلیتوں کو برابر کے حقوق حاصل ہیں۔ ہم تمام اقلیتوں کی فلاح و بہبود کیلئے کام کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔

متعلقہ عنوان :