وزیر اعلی کی صوبے بھر کے ڈویژنل کمشنرز ، ڈی سی اوز ، ای ڈی اوز ہیلتھ اور سول سیکرٹریٹ میں اعلی حکام سے ویڈیو کانفرنس

مفت ادویات کے سپلائی آرڈرتاخیر سے دینے کے ذمہ داروں کے خلاف سخت ترین ایکشن لیا جائے گا‘شہباز شریف مریضوں کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی میرا مشن ہے جسے ہرصورت پورا کروں گا ‘ وزیر اعلی شہباز شریف کا اجلاس سے خطاب

ہفتہ 26 مارچ 2016 22:20

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 مارچ۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ مفت ادویات کے سپلائی آرڈرتاخیر سے دینے کے ذمہ داروں کے خلاف سخت ترین ایکشن لیا جائے گا-جن اضلاع میں مفت ادویات کے لئے بروقت سپلائی آرڈر نہیں دیئے گئے ان کو قانون کے مطابق کارروائی کا سامنا کرناپڑے گا-مفت ادویات کی بروقت خریداری اور سپلائی آرڈر دینے والے اضلاع کے افسروں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی-وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے یہ بات یہاں پنجاب بھر کے ڈویژنل کمشنرز‘ ڈی سی اوز‘ ای ڈی اوز ہیلتھ اور سول سیکرٹریٹ میں اعلیٰ حکام سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہی- کانفرنس میں ڈسٹرکٹ و تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں میں ادویات کی خریداری‘ سپلائی اور مریضوں کو فراہمی کے حوالے سے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا- وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت مریضوں کو سرکاری ہسپتالوں میں مفت ادویات کی فراہمی پر اربوں روپے صرف کر رہی ہے اور ان کے ثمرات بھی ہر صورت عوام کو ملنے چاہیئں-مفت ادویات کی خریداری اور سپلائی آرڈر دینے میں کسی قسم کی تاخیرناقابل برداشت ہے- وزیر اعلی نے پنجاب کے تمام ڈسٹرکٹ و تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں میں ادویات کے سٹاک کے مکمل آڈٹ کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ صحت ایمرجنسی کلاز لگا کر بہترین فنانشل آڈٹ فرمز سے ادویات کے تمام ریکارڈ کا آڈٹ کرائے اورڈسٹرکٹ و فیلڈ ہسپتالوں کے میڈیکل سٹورز اور فارمیسیز کے ریکارڈ کو سیل کر کے آڈٹ کا عمل شروع کیا جائے- انہوں نے کہا کہ تھرڈ پارٹی آڈٹ کے دوران مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی بلا تعطل جاری رہنی چاہیے-انہوں نے کہا کہ صحت عامہ کی سہولتوں کو بہتر بنانے کا تہیہ کر رکھا ہے- دکھی انسانیت کی خدمت کرنے والے افسر ہمارے سروں کے تاج ہیں لیکن ایسے افسروں کو عہدوں پر رہنے کا کوئی حق نہیں جن کے دل میں دکھی انسانیت کی خدمت کا جذبہ موجود نہیں-انہوں نے کہا کہ میں اﷲ تعالیٰ کے ساتھ عوام کو بھی جوابدہ ہوں-مریضوں کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی میرا مشن ہے جسے ہر صورت پورا کروں گا-صوبائی وزیرخزانہ عائشہ غوث پاشا‘ چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات‘ ایڈیشنل چیف سیکرٹری‘ سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن‘ سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ اور متعلقہ حکام سول سیکرٹریٹ جبکہ ڈویژنل کمشنرز‘ ڈی سی اوز اور ای ڈی اوز اپنے متعلقہ دفاتر سے ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

متعلقہ عنوان :