وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں ملک معاشی ترقی کی جانب گامزن ،مثبت معاشی اشاریے اس کا ثبوت ہیں‘ ماروی میمن

اے ٹی ایم سے رقم کی فراہمی میں بدعنوانی کی شکایات کے بعد بائیو میٹرک نظام لانے کا فیصلہ کیا گیا ‘ چیئر پرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام

ہفتہ 26 مارچ 2016 22:19

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 مارچ۔2016ء) چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ماروی میمن نے کہا ہے کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک معاشی ترقی کی جانب گامزن ہے اور مثبت معاشی اشاریے اس کا ثبوت ہیں، اے ٹی ایم سے رقم کی فراہمی میں بد عنوانی کی شکایات ملنے کے بعد بائیو میٹرک نظام لانے کا فیصلہ کیا گیا ،بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے 2500 ملازمین رضاکارانہ طور پر غربت کی لکیر سے نیچے زندگی بسر کرنیوالی خواتین اور ان کے اہلخانہ کی خدمت کیلئے دن رات کوشاں ہیں۔

ان خیالات کا اطحار انہوں نے مقامی ہوٹل میں روٹری انٹرنیشنل کے زیر اہتمام ’’اکنامکس اینڈ کمیونٹی‘‘ کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کر تے ہوئے کیا ۔اس موقع پر روٹری انٹرنیشنل کے صدر رانا ناصر، ڈسٹرکٹ گورنر ساجد پرویز بھٹی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ماروی میمن نے کہا کہ مستحقین کو دی جانیوالی مالی امداد مارچ سے 4500 روپے سے بڑھا کر 4700 روپے کر دی گئی ہے۔

ماضی میں اے ٹی ایم کے ذریعے رقم کی تقسیم میں بدعنوانی کی شکایات ہوئی تھیں مگر اب مذکورہ رقم کی تقسیم بائیو میٹرک سسٹم کے ذریعے شروع کی گئی ہے تاکہ رقم حقیقی مستحقین تک پہنچ سکے۔ کمپیوٹر ڈیٹا بیس سسٹم کے ذریعے غربت شماری کا سروے کیا جارہا ہے تاکہ دور دراز علاقوں میں رہنے والے غریب خاندان بھی اس سسٹم میں شامل ہو سکیں گے۔انہوں نے پنجاب اسمبلی سے منظور ہونے والے تحفظ نسواں بل کے حوالے سے کہا کہ قوی امید ہے کہ وزیر اعلیٰ کی سربراہی میں پنجاب حکومت علماء کرام سے مل کر اس کا حل نکال لے گی ۔موجودہ حکومت خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے قوانین سمیت دیگر اقدامات اٹھا رہی ہے جس کا مقصد غریب خواتین کو معاشی طور پر مستحکم کرنا ہے۔