حکومت وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک سے اندھیروں کے خاتمہ کیلئے کوشاں ہے،وزیرمملکت عابد شیر علی

ہفتہ 26 مارچ 2016 22:01

اسلام آباد ۔ 26 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔26 مارچ۔2016ء) وزیرمملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہاہے کہ حکومت وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک سے اندھیروں کے خاتمہ کیلئے کوشاں ہے اور اس بارے میں پرعزم ہیں کہ 2018ء تک ملک سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کردیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو پاکستان ٹیلی ویژن سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے جب اقتدار سنبھالا تو ملک میں اندھیروں کا راج تھا، ملک بھر میں اٹھارہ اٹھارہ گھنٹے روزانہ کی لوڈشیڈنگ ہوتی تھی لیکن موجودہ حکومت کی موثر اور کارآمد پالیسیوں کی بدولت آج ملک بھر میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کافی حد تک کم ہوگیا ہے اور آنے والے دنوں میں لوڈ شیڈنگ کا مکمل خاتمہ کردیا جائے گا جس سے ملک مزید ترقی کرے گا۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے 90 فیصد سے زائد لائن لاسز کے بجلی فیڈرز والے علاقوں کی لوڈشیڈنگ کے خاتمہ کیلئے متعلقہ حلقوں کے ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کو جرگے کی پیشکش کردی ہے تاکہ ان کے مسائل کو حل کیا جاسکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ متعلقہ حلقوں کے ممبران کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے لوگوں کو بجلی کے میٹر لگوانے کی ترغیب دیں، ہم انہیں میٹر لگوا کے دیں گے اور وہ بجلی کے بل ادا کریں تاکہ انہیں بھی مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

ایک اور سوال کے جواب میں وزیرمملکت کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے گزشت سال 16900 میگاواٹ بجلی کا ہدف حاصل کیا تھا جبکہ رواں سال ہمارا ہدف 18000 میگاواٹ ہے۔ ہم 8 سے 9 ہزار میگاواٹ بجلی کا سسٹم میں میں اضافہ کر رہے ہیں۔ نئی ٹرانسمشن لائن بھی بچھا رہے ہیں، نئے گرڈ اسٹیشن بھی تعمیر کر رہے ہیں اور چکدرہ گرڈ اسٹیشن کی تعمیر ایک سال میں مکمل ہوجائیگی۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ آئیسکو میں کی گئی بھرتیوں کی شکایت پر وزارت پانی و بجلی نے انکوائری مکمل کر لی ہے اور آئیسکو کے چیف ایگزیکٹو کو بھی تبدیل کردیا گیا ہے۔ عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت شفافیت اور میرٹ پر یقین رکھتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ ہر محکمہ میں شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے موثر اور اہم اقدامات کئے جا رہے ہیں۔