بلدیاتی اداروں کواختیارات منتقل نہ کئے جانے کا سپریم کورٹ کی جانب سے نوٹس لینے کاخیرمقدم کرتے ہیں، ندیم نصرت

چیف جسٹس سپریم کورٹ حکومت اورالیکشن کمیشن کوفورپر طورپرمیئرزاورچیئرمین کے انتخابات کروانے کاحکم بھی جار ی کریں ، کنوینئرایم کیوایم رابطہ کمیٹی

ہفتہ 26 مارچ 2016 21:47

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 مارچ۔2016ء) متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے کنوینرندیم نصرت نے بلدیاتی اداروں کواختیارات منتقل نہ کئے جانے کے معاملہ کا سپریم کورٹ کی جانب سے نوٹس لئے جانے کاخیرمقدم کرتے ہوئے سپریم کورٹ کواس اقدام پر زبردست خراج تحسین پیش کیاہے۔ اپنے ایک بیان میں ندیم نصرت نے کہاکہ مقامی حکومتیں نہ صرف جمہوریت کاستون ہوتی ہیں بلکہ پوری دنیامیں تعلیم، صحت،صفائی اورمقامی پولیسنگ سمیت بنیادی عوامی سہولتیں فراہم کرنے کاکام مقامی حکومتیں ہی انجام دیتی ہیں۔

تمام مہذب اورترقی یافتہ معاشروں میں اسمبلیاں قانون سازی کرتی ہیں جبکہ بنیادی عوامی خدمات کافریضہ بلدیاتی ادارے انجام دیتے ہیں جس کیلئے انہیں بھرپور اختیارات اورفنڈزفراہم کئے جاتے ہیں لیکن بدقسمتی سے پاکستان میں مقامی حکومتوں کے نظام کوآج تک پنپنے نہیں دیاگیا ۔

(جاری ہے)

ندیم نصرت نے کہاکہ آئین پاکستان کی شق 140-A میں وفاقی اورصوبائی حکومتوں کوواضح الفاظ میں حکم دیاگیاہے کہ وہ بلدیاتی اداروں کواختیارات منتقل کرنا تو کجا ان کے موجودہ اختیارات کوبھی انتہائی بے شرمی اورڈھٹائی کے ساتھ سلب کرنے میں مصروف ہیں۔

سندھ میں بلدیاتی انتخابات کومنعقدہوئے کئی ماہ گزر چکے ہیں لیکن آج تک میئر،ڈپٹی میئر اورچیئرمین کے انتخابات نہیں کرائے گئے ہیں اورسندھ حکومت نئے نئے بہانے بناکران انتخابات کو التواء میں ڈال رہی ہے جس کی وجہ سے کراچی اورسندھ کے دیگرشہری علاقوں میں احساس محرومی میں اضافہ ہورہاہے ۔ ندیم نصرت نے کہاکہ حکومت کے اس افسوسناک رویہ کے تناظرمیں سپریم کورٹ کی جانب سے وفاقی اورصوبائی حکومتوں سے بلدیاتی اختیارات منتقل نہ کرنے کانوٹس لینا ایک مستحسن اقدام ہے جس کاایم کیو ایم بھرپورطریقہ سے خیرمقدم کرتی ہے۔

ندیم نصرت نے کہاکہ وفاقی وصوبائی حکومتیں سپریم کورٹ کے دباؤ پر ہی بلدیاتی انتخابات کرانے پر مجبورہوئیں اور ہم سمجھتے ہیں کہ سپریم کورٹ ہی بلدیاتی اداروں کواختیارات کی منتقلی کویقینی بناسکتی ہے۔ ندیم نصرت نے چیف جسٹس سپریم کورٹ سے اپیل کی کہ وہ حکومت اورالیکشن کمیشن کوفورپر طورپرمیئرزاورچیئرمین کے انتخابات کروانے کاحکم بھی جار ی کریں تاکہ منتخب نمائندے عوامی خدمت کا کام شروع کرسکیں۔