غاصبوں سے لڑنا ہے تو بلاول ابا حضور سے لڑائی کریں‘ بھٹو کی پیپلزپارٹی زرداری اینڈ کمپنی میں بدل چکی ہے‘ پی پی حکومت نے کسان کو تباہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی‘چھوٹے زرداری ریکارڈ درست کر لیں حکومت پنجاب کاشتکاروں کو 100ارب سبسڈی اور دیگر سہولتیں دے رہی ہے

ترجمان پنجاب حکومت زعیم قادری کا بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر ردعمل

ہفتہ 26 مارچ 2016 21:37

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 مارچ۔2016ء) ترجمان پنجاب حکومت سید زعیم حسین قادری نے کہا ہے کہ غاصبوں سے لڑنا ہے تو بلاول ابا حضور سے لڑائی کریں، بھٹو کی پیپلزپارٹی زرداری اینڈ کمپنی میں بدل چکی ہے۔ سیدزعیم حسین قادری نے بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بے سروپا بیان بازی سے سیاسی پوائنٹ سکورنگ کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

چھوٹے زرداری بتائیں کہ پیپلزپارٹی نے اپنے پانچ سالہ دور میں عوام کی کیا خدمت کی؟ پی پی حکومت نے بے بس عوام کو بیروزگاری‘ بدامنی اور لوڈشیڈنگ کے تحفے دیئے۔ انہوں نے کہا کہ پی پی حکومت نے لوڈشیڈنگ کے ذریعے کسان اور زراعت کو تباہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ کاشتکار کھادوں اور زرعی مداخل کے لئے ترستے رہے۔ چھوٹے زرداری اپنا ریکارڈ درست کر لیں۔ حکومت پنجاب کاشتکاروں کو زرعی آلات اور دیگر پر سبسڈی دے رہی ہے۔ پنجاب کا باشعور کاشتکار زرداری اینڈ سنز کے بے سروپا بیانات پر کان نہیں دھرے گا۔ 100ارب کا کسان پیکج زرداری اینڈ سنز کا منہ بند کرنے کے لئے کافی ہے۔ بے مثال کسان پیکج کی وجہ سے پی پی قیادت سیاسی طور پر خوفزدہ ہو چکی ہے۔