اقلیتوں کو برابر کا شہری تسلیم نہ کرنے سے معاشرے میں خرابیاں پیدا ہوئیں،پیپلزپارٹی پارلیمنٹ میں زبردستی مذہب تبدیل کرانے پرپابندی کا قانون لائے گی

پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹر سعید غنی کا بیان

ہفتہ 26 مارچ 2016 21:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 مارچ۔2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹر سعید غنی نے کہا ہے کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے افکارکو تسلیم نہ کرنے والوں نے ان کے بنائے ہوئے ملک میں اقلیتوں کو برابر کا شہری تسلیم کرنے سے انکار کیا جس کی وجہ سے معاشرے میں خرابیاں پیدا ہوئیں ۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اقلیتوں کے حقوق کے بارے میں آواز بلند کرتے ہوئے قائداعظم کے افکار کی تجدید کی ہے۔

(جاری ہے)

اپنے ایک بیان میں سعید غنی نے کہا کہ 1973 کا آئین ریاست کے تمام شہریوں کو مساوی حقوق کی ضمانت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین میں کہاں لکھا ہے کہ مسیحی صرف گلیاں صاف کرتے رہیں اور ہندوؤں کے ساتھ بھی امتیازی سلوک کیا جائے۔ سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ بینظیر بھٹو شہید کے پاکستان میں ریاست کے ہر شہری کو آگے بڑھنے اور ملک اور عوام کی خدمت کرنے کے یکساں مواقع فراہم ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹ میں یہ قانون لائے گی جس میں زبردستی مذہب تبدیل کرانے پرپابندی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی ہر ممکن کوشش تھی کہ اقلیتوں کو ملک کا برابر کا شہری تسلیم کرکے ہر شعبے میں اپنا جائز حصہ دیا جائے۔

متعلقہ عنوان :