حکمرانوں کے فیصلوں کی وجہ سے منت کش طبقے کی زندگی اجیرن ہو چکی ہے ‘ذکراﷲ مجاہد

سینکڑوں مزدور بے روز گاری اور فاقہ کشی سے خود کشیاں کرنے پر مجبور ہیں‘ امیر جماعت اسلامی لاہور

ہفتہ 26 مارچ 2016 20:50

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 مارچ۔2016ء) امیر جماعت اسلامی لاہوذکر اﷲ مجاہد نے کہا ہے کہ حکمرانوں کے فیصلوں کی وجہ سے منت کش طبقے کی زندگی اجیرن ہو چکی ہے۔ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے این ایل ایف کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے اللوں تللوں میں مصروف ہے جبکہ مزدور کی فلاح وبہود کے لیے کچھ نہیں کر رہی ۔

کسمپری کی زندگی گزارنے والا مزدور طبقہ حکومتی ناقص پالیسیوں سے سخت نا لاں ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی بے حسی ، جاگیرداروں ، سرمایہ داروں وڈیروں کی من مانیوں اور پارلیمنٹ کی بالادستی کو قبول کرنے کے عملاََ انکار نے محنت کش طبقے کی زندگی اجیرن بنادی ہے ۔پنشن کے لیے آنے والے ورکرز کو آٹھ ماہ سے ایک سال تک انتظار کرنے کو کہا جاتا ہے ،کبھی کہہ دیا جاتا ہے کہ آپ کے کاغذات مکمل نہیں یا آپ کی سروس پوری نہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مزدورں کے حقوق کے لیے این جی اوز اور تنظیمیں بھی کچھ نہیں کر رہی ہے ہر سال سینکڑوں مزدور بے روز گاری اور فاقہ کشی سے خود کشیاں کرنے پر مجبور ہیں مگر حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی۔ حکمران ملازمین کے ساتھ نارواسلوک اور مزدور وں کاا ستحصال کا سلسلہ بند کرے ،یہ ہمارے ملک و قوم کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی مزدور طبقہ کی جماعت ہے اور مزدوروں کے حقوق کے لیے لڑے گی اور ان کی آواز بن کر حکومتی ایوانوں میں گونجے گی ۔انہوں نے کہا کہ جب تک اس ملک میں مزدور طبقہ خوشحال نہیں ہو گاملک ترقی نہیں کر سکتا ۔

متعلقہ عنوان :