کوئٹہ، حکومت وقت کا فرض ہے بنیادی سہولیات عوام کو مہیا کرے،سرداراخترجان مینگل

ہفتہ 26 مارچ 2016 20:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 مارچ۔2016ء ) بلوچستان نیشنل پارٹی کے قائد سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان سردار اختر جان مینگل نے کہاہے کہ ہمیں عوام کی بد حالی اور غربت کا بھر پور احساس ہے اور یہی وہ درد ہے کہ جس کے تحت ہم عوام کو تھوڑا بہت ریلیف فراہم کرنے کے لئے اس میڈیکل کیمپ کا انعقاد کررہے ہیں ۔ گو کہ یہ اقدام آٹے میں نمک کے برابر ہے تاہم ایک پیش رفت ضرور ہے اور کوشش ہو گی کہ اگلے مرحلے میں نوشکی سمیت بلوچستان کے دیگر حصوں میں میڈیکل کیمپ کا انعقاد کرکے غریب عوام کو ریلیف فراہم کریں۔

یہ تین روزہ فری میڈیکل کیمپ تمام علاقوں کے غریب مریضوں کے لئے اوپن ہے ،خضدار آوران اور بیلہ سمیت دیگر علاقوں کے مریض میڈیکل کیمپ پہنچ چکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وڈھ میں دارالصحت اور دردوار کی جانب سے فری میڈیکل کیمپ کے افتتاح اور مختلف شعبو کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایم پی اے میر حمل کلمتی ، سابق ایم پی اے میر محمد اکبر مینگل ، بی این پی کے سینئر رہنماء ڈاکٹر عبدالقدوس کرد، بی این پی خضدار کے صدر آغا سلطان ابراہیم ،ڈاکٹر عزیز احمد بلوچ، ملک عبدالرحمن ، ڈاکٹر شہناز نصیر بی این پی خضدار سٹی کے صدر سفرخان مینگل ، ڈاکٹر محمد بخش مینگل ودیگر پارٹی رہنماء قبائلی عمائدین اور ڈاکٹر حضرات موجود تھے ۔

بی این پی کے قائد سردار اختر مینگل نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے مذید کہاکہ ڈاکٹر علی ڈاکٹر شہزاد ،دارالصحت اور دردوار منتظمین کے بھی مشکور ہیں کہ وڈھ میں میڈیکل کیمپ کا انعقاد عمل لایا گیاہے۔ وڈھ کے عوام کی جانب سے ان کا تہہ دل سے مشکور ہوں ۔ آپ دیکھ رہے ہیں کہ کتنا لوگوں کا ہجوم ہے اور لوگوں کی ایک جم غفیر اس میڈیکل کیمپ سے استفادہ کے لئے یہاں موجود ہے۔

حکومت وقت اور حکومتوں کا فرض ہے بنیادی سہولیات ووسائل غریب عوام کو مہیا کرے ۔اس کے ساتھ ساتھ ہم بھی سمجھتے ہیں کہ علاقے کے معتبرین اور علاقے کے نمائندوں کے حوالے سے ہماری بھی یہ فرض بنتا ہے کہ لوگوں کو یہ سہولیات مہیاکریں ۔ لوگوں کی مالی حالت دیکھیں تو وہ یہ سکت نہیں رکھتے تھے کہ کراچی یا دوسرے بڑے شہروں تک جائیں ہم نے یہ تین دن کے میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیاہے ۔

یہ مختصر سا میڈیکل کیمپ ہے کوشش ہے جو بھی ذرائع ہمارے ساتھ دستیاب ہیں وہ صرف کردیں ، نال گریشہ سارونہ آڑینجی وڈھ سمیت دیگر علاقوں کے مریضوں کو علاج و معالجے کے حوالے سے سہولیات مہیا کریں ہم دیکھ رہے ہیں کہ یہاں آواران اور بیلہ سے بھی کافی مریض آچکے ہیں وہ جس امید سے آئے ہیں ان کو مایوس نہ کریں صوبائی حکومت کی جانب سے بھی کافی حد تک ہمیں ادویات فراہم کی گئی ہیں ۔

میڈیکل کیمپ میں دردوار کے ہمارے ساتھی ہیں اورکوئٹہ سے جو پارٹی کے ڈاکٹرز کی ٹیم آئی ہیں وہ میڈیکل کیمپ بھر پورے طریقے سے اپنی خدمات پیش کررہی ہیں۔ جتنا بھی ہم سے ہوسکا ہم ان کو سہولیا ت مہیا کریں ۔ایک سوال کے جواب میں بی این پی کے قائد سردار اختر جان مینگل نے کہاکہ لگا یا گیا اس میڈیکل کیمپ میں ہر علاقے سے لوگ علاج کے لئے آسکتے ہیں ۔

کم وسائل کے ہوتے ہوئے ہم کوشش کریں گے کہ ان کا علاج کیا جاسکے اورا نہیں ادویات فراہم کی جاسکیں ۔ ہم سمجھتے ہیں کہ یہ میڈیکل کیمپ آٹے میں نمک کے برابرہے لیکن ایک اہم پیش رفت ضرور ہے ۔ہم کوشش کریں گے کہ جتنا بھی ہوسکے لوگوں کو علاج و معالجے کی سہولت اور انہیں ادویات فراہم کریں اور اس کے ساتھ ساتھ میڈیا کو بھی چاہئے کہ وہ ہماری حوصلہ افزائی کریں ۔یہ ایک کار خیر ہے اور اس کو آگے بڑھانے میں ہمارے ساتھ دیں ۔ ہماری پارٹی کی کوشش ہوگی کہ اس سلسلے کو اور زیادہ آگے لیجائیں اور عوام کی داد رسی کرسکیں ۔

متعلقہ عنوان :