ایرانی صدر کا شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کو خراج عقیدت

شاعر مشرق نے اپنے افکار سے فلسفہ اور شریعت سمیت دیگر علوم میں گراں قدر خدمات سرانجام دیں جو پوری دنیا کیلئے رہنمائی کا ذریعہ ہے ہم بھی اس سے استفادہ کرتے ہیں،ڈاکٹر حسن روحانی

ہفتہ 26 مارچ 2016 20:46

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 مارچ۔2016ء) صدر مملکت ممنون حسین کے ساتھ بات چیت کے دوران ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کو ذبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ انھوں نے کہا کہ شاعر مشرق علامہ اقبال نے اپنے افکار سے فلسفہ اور شریعت سمیت دیگر علوم میں گراں قدر خدمات سرانجام دیں ہیں جو پوری دنیا کے لیے رہنمائی کا ذریعہ ہے اور ہم بھی اس سے استفادہ کرتے ہیں۔

ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ ہمارے لیے یہ امر باعثِ مسرت ہے کہ علامہ اقبال نے بارہ ہزار اشعار کہے جن میں سات ہزار اشعار فارسی میں کہے گے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اقبال نے معاشرے کی بیداری کے لیے جو علمی کام کیا ہے ، دنیا میں اس کی مثال نہیں ملتی۔ انھوں نے اس موقع پر اردو اور فارسی کو ایک درخت کی دو شاخیں بھی قرار دیا۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے ممنون حسین نے فکر اقبال میں ایرانی رہنماء کی غیر معمولی دلچسپی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اقبال ایک آفاقی شاعر ہیں جنھوں نے لٹریچر کی عالمی تاریخ میں ناقابلِ فراموش خدمات سرانجام دیں۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان میں شیخ سعدی شیرازی کا کلام بہت دلچسپی سے پڑھاجاتا ہے اور ان کی تصنیفات گلستان و بوستان دینی مدرسوں کی نصاب میں شامل ہیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ کتابیں ان کے مطالعے میں بھی رہتی ہیں۔

متعلقہ عنوان :