پاکستان میں غریب کے حقوق کیلئے کھڑا ہو نے والوں کو قتل کر دیا جاتا ہے، میرا اور عوام کا نسلوں کا ساتھ ہے، ہماری لڑائی مفاد پرستوں کے خلاف ہے، جانتا ہوں کہ یہ راستہ آزاد نہیں بلکہ بغاوت کا ہے، اس کا انجام بھی جانتا ہوں،ذوالفقار بھٹو اس نظام کے خلاف تھے جو غریب کا حق مارتا تھا،ملک کی خاطر جان دینا صرف بھٹو جانتا ہے

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا رحیم یار خان میں جلسہ عام سے خطاب

ہفتہ 26 مارچ 2016 20:11

پاکستان میں غریب کے حقوق کیلئے کھڑا ہو نے والوں کو قتل کر دیا جاتا ہے، ..

رحیم یار خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 مارچ۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اس ملک میں جو غریب کے حقوق کیلئے کھڑا ہوتا ہے اسے قتل کر دیا جاتا ہے، میرا اور عوام کا نسلوں کا ساتھ ہے، ہماری لڑائی مفاد پرستوں کے خلاف ہے، میں جانتا ہوں کہ یہ راستہ آزاد نہیں ہے یہ بغاوت کا راستہ ہے اور اس کا انجام بھی اور سزا بھی جانتا ہوں،ذوالفقار علی بھٹو اس سسٹم کے خلاف تھے جو غریب کا حق مارتا تھا، سند ھ میں وفاقی حکومت کی جانب سے شروع منصوبہ وہ اورنج لائن ہے جو شاید آپ لوگ اپنی زندگی میں کبھی دیکھیں گے اور نہ ہی استعمال کریں گے۔

وہ ہفتہ کو یہاں جلسے سے خطاب کر رہے تھے ۔اس موقع پر سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی، سیکرٹری اطلاعات قمر زمان کائرہ سمیت دیگر پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میرا اور عوام کا نسلوں کا ساتھ ہے، ہماری لڑائی مفاد پرستوں کے خلاف ہے،پیپلز پارٹی عوام کے حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے مساوات اور برابری کی بات کی تھی،ہماری لڑائی مظلوموں سے نہیں حکمرانوں سے ہے۔

انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نہیں چاہتے تھے کہ دو پاکستان ہوں، ایک غریب کا اور ایک امر کا، بات کرنے والے تو بہت ہیں لیکن ملک کی خاطر جان دینا صرف بھٹو جانتا ہے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ میری والدہ نے اپنے والد کے حکم کو پھر سے بلند کیا اور مشن جاری رکھا، میری ماں نے عورتوں کے حقوق پر بات کی۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور عوام کا ساتھ ہمیشہ قائم رہے گا، غریب کی قسمت کو بدلنا ہو گا، غریب سیکنڈ کلاس شہری کے طور پر زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔

انہوں نے کہا کہ غریب غریب سے غریب ترہوتا جا رہا ہے اور شدت پسندی بڑھتی جا رہی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ یہ راستہ آزاد نہیں ہے یہ بغاوت کا راستہ ہے اور اس کا انجام بھی اور سزا بھی جانتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اٹھو میرے غریب، میرے محنت کشو، میں آپ کے ساتھ ہوں، میں آپ کا ساتھ کبھی نہیں چھوڑوں گا، اس ملک میں جو غریب کے حقوق کیلئے کھڑا ہوتا ہے اسے قتل کر دیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج شہید بی بی کا بیٹا آپ کے درمیان ہے، ذوالفقار علی بھٹو اس سسٹم کے خلاف تھے جو غریب کا حق مارتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں کی آواز کو ایک بار پھر دبایا جا رہا ہے، آج جنوبی پنجاب کا کسان بدحال ہے جبکہ صنعت کاروں کو ایمر سے امیر تر کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسان پیکج پٹواری پیکج ہے، میاں صاحب میں آپ سے پوچھتا ہوں کہ ہمارے کسان سے کس بات کا بدلہ لیا جا رہا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بھٹو نے دولت اور زمینوں کی تقسیم یک بات کی تھی مگر میاں صاحب آپ نے کسانوں سے اچھے مستقبل کا خواب بھی چھین لیا ہے،میاں صاحب کو پاکستان سے زیادہ بھارتی کسان کی فکر ہے۔ انہوں نے کہا کہ تخت لاہور نے پچھلے آٹھ برس حکومت کی ہم نے جنوبی پنجاب سے پہلا وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کو بنایا، ہمیں ہر قدم پر جنوبی پنجاب کی ترقی سے روکا گیا لیکن ہم نے ہار نہیں مانی، بلاول بھٹو نے کہا کہ ہمارے خلاف ایک بار پھر سازش ہوئی اور ایک خط نہ لکھنے کا بہانہ بنایا گیا اور جنوبی پنجاب کے وزیر اعظم کو فارغ کر دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ یہاں کے عوام کی سہولت کیلئے ڈی جی خان میں ایئرپورٹ ہم نے بنایا، ہمارے دور میں 5 مرلہ اسکیم بھی دی گئی۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ میاں صاحب آپ کو اپنا قرض معاف کرانے کی عادت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب بغاوت ہو گی تو تاج اچھالے جائں ی گے ، تحت گرائے جائیں گے، چار اپریل کو آپ سے گڑھی خدا بخش میں ملاقات ہو گی، مخدوم احمد محمود اور پارٹی کارکنوں کو مبارکباد دیتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ آج جنوبی پنجاب کے عوام میرے ساتھ تمہارے خلاف بغاوت کا اعلان کرتے ہیں، ایک اورنج لائن کی خاطر آپ کے نام پر اربوں روپے کا قرض لیا جارہا ہے، یہ وہ اورنج لائن ہے جو شاید آپ لوگ اپنی زندگی میں کبھی دیکھیں گے اور نہ ہی استعمال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے لوگوں کا پیسہ چھین کر اورنج لائن پر لگایا جا رہا ہے، میاں صاحب میری قوم کے معصوم لوگوں کو کب تک لوٹیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کب تک نجکاری کے نام پر قومی اداروں کو حسب منشاء افراد کو بیچتے رہو گے، جنوبی پنجاب کے عوام نے میرے نانا اور میری ماں کو بہت محبت دی ہے۔(اح)