Live Updates

عمران خان نے تحریک انصاف کے الیکشن کمشنر تسنیم نورانی اور ممبران کے استعفے منظور کر لیے،نعیم وزیر قائمقام چیف الیکشن کمشنر مقرر

کمیشن کے سربراہ اور دیگر عہدیداروں کے استعفوں سے خالی عہدوں پر 31مارچ تک نئی تقرریاں کر دی جائینگی، چیئرمین پارٹی الیکشن کمیشن کے تقدس کا احترام کرتے ہیں ، وہ اس کے اختیارات میں کسی قسم کی مداخلت پر یقین نہیں رکھتے ، اگر کوئی مداخلت کی بھی کی گئی تو اس کا مقصد صرف کمیشن کو مزید بااختیار بناناتھا،تحریک انصاف کے سربراہ کی زیر صدارت اجلاس کے بعد اعلامیہ جار ی

ہفتہ 26 مارچ 2016 20:11

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 مارچ۔2016ء) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشن کے انعقاد کیلئے بنائے گئے الیکشن کمیشن کے سربراہ تسنیم نورانی اور کمیشن کے دیگر ممبران کے استعفے منظور کر لیے،کمیشن کے ممبرنعیم وزیر کو قائم مقام چیف الیکشن کمشنر مقرر کر دیا گیا۔عمران خان کی طرف سے انٹرا پارٹی الیکشن شیڈول کے مطابق کرانے کا اعلان۔

ہفتے کو اس حوالے سے تحریک انصاف کا اہم اجلاس عمران خان کی زیر صدارت بنی گالا میں منعقد ہوا جس میں تحریک انصاف کے مرکزی قائدین نے شرکت کی۔اجلاس میں تسنیم نورانی سمیت الیکشن کمیشن کے دیگر ارکان اور صوبائی کمشنرز کے استعفوں پر غوروخوض کے بعد تمام استعفے قبول کرنے کا فیصلہ کیاگیا،اجلاس کے بعد پارٹی کی طرف سے جاری کیے گئے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ کمیشن کے سربراہ اور دیگر عہدیداروں کے استعفوں سے خالی ہونے والی نشستوں پر 31مارچ تک نئی تقرریاں کر دی جائیں گی،اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین پارٹی الیکشن کمیشن کے تقدس کا احترام کرتے ہیں اور اس کے اختیارات میں کسی قسم کی مداخلت پر یقین نہیں رکھتے تاہم اگر کوئی مداخلت کی بھی کی گئی تو اس کا مقصد صرف کمیشن کو مزید بااختیار بناناتھا ۔

(جاری ہے)

پارٹی الیکشن کمشنر کا استعفیٰ افسوسناک ہے تاہم پارٹی الیکشن کرانے کے حوالے سے انکی خدمات کی قدر کرتے ہیں،واضح رہے کہ تسنیم نورانی نے عمران خان سے انٹراپارٹی کے الیکشن کے حوالے سے شدید اختلافات کی بناپر استعفیٰ دیدیاتھا،قبل ازیں عمران خان کے سابق الیکشن کمشنر جسٹس وجہیہ الدین سے بھی شدید اختلافات پیدا ہوگئے تھے۔جس کی وجہ سے جسٹس وجہیہ الدین کو پارٹی کی طرف سے عہدے سے ہٹادیا گیا تھا،2013کے عام انتخابات سے قبل پی ٹی آئی کے پارٹی الیکشن بھی متنازعہ ہوگئے تھے،جس کے بعد نئے انتخابات کرانے کااعلان کیا گیا تھا،تاہم یہ انتخابات کے عہدیداروں کے استعفوں اور چیئرمین کے ساتھ اختلافات کی وجہ سے انعقاد سے قبل ہی متنازعہ ہوگئے ہیں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات