ایرانی صدر ڈاکٹر حسن روحانی کا شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کو زبردست خراج عقیدت

ہفتہ 26 مارچ 2016 19:37

اسلام آباد ۔ 26 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔26 مارچ۔2016ء) ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے یہ خراج عقیدت صدر مملکت ممنون حسین سے بات چیت کے دوران پیش کیا۔ انھوں نے کہا کہ شاعر مشرق علامہ اقبال  نے اپنے افکار سے فلسفہ اور شریعت سمیت دیگر علوم میں گراں قدر خدمات سرانجام دیں ہیں جو پوری دنیا کے لیے رہنمائی کا ذریعہ ہے اور ہم بھی اس سے استفادہ کرتے ہیں۔

ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ ہمارے لیے یہ امر باعثِ مسرت ہے کہ علامہ اقبال نے بارہ ہزار اشعار کہے جن میں سات ہزار اشعار فارسی میں کہے گئے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ اقبال نے معاشرے کی بیداری کے لیے جو علمی کام کیا ہے ، دنیا میں اس کی مثال نہیں ملتی ۔

(جاری ہے)

انھوں نے اس موقع پر اردو اور فارسی کو ایک درخت کی دو شاخیں بھی قرار دیا۔ صدر مملکت نے ممنون حسین نے فکر اقبال میں ایرانی رہنماء کی غیر معمولی دلچسپی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اقبال ایک آفاقی شاعر ہیں جنھوں نے لٹریچر کی عالمی تاریخ میں ناقابلِ فراموش خدمات سرانجام دیں ۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان میں شیخ سعدی شیرازی کا کلام بہت دلچسپی سے پڑھاجاتا ہے اور ان کی تصنیفات گلستان و بوستان دینی مدرسوں کی نصاب میں شامل ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ یہ کتابیں ان کے مطالعے میں بھی رہتی ہیں۔

متعلقہ عنوان :