ایمپریس مارکیٹ اور لکی اسٹار تاریخی مقامات ہیں، انہیں پہلے جیسا بنائیں گے، صدر میں شٹل سروس چلائی جائے گی۔ گورنر سندھ

ہفتہ 26 مارچ 2016 18:43

کراچی ۔ 26 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔26 مارچ۔2016ء) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ ایمپریس مارکیٹ اور لکی اسٹار تاریخی مقامات ہیں، انہیں پہلے جیسا بنائیں گے، ترقیاتی کاموں سے صدر اور اس کے اطراف میں ٹریفک کی روانی میں بہتری آئے گی، صدر میں شٹل سروس بھی چلائی جائے گی۔ ہفتہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایمپریس مارکیٹ تزئین و آرائش منصوبہ کے جائزہ لینے کے بعد لکی اسٹار پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر صوبائی وزیر بلدیات جام خان شورو، کمشنر کراچی آصف حیدر شاہ، ایڈمنسٹریٹر کراچی روشن شیخ، ایم ڈی واٹر بورڈ مصباح الدین فرید سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ گورنر سندھ اپنے جائزہ دورے کے دوران پہلے لکی اسٹار گئے جہاں انہوں نے جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہیں تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔ گورنر سندھ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ترقیاتی کاموں کو بروقت مکمل کیا جائے۔

انہوں نے داؤد پوتہ روڈ پر جاری کاموں کا بھی جائزہ لیا اور کام کی رفتار کو مزید تیز کرنے کی ہدایت دی۔ اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ علاقہ کی مارکیٹوں میں شاپنگ کے لئے آنے والے افراد کی سہولت کے لئے شٹل سروس بھی شروع کی جائے گی جبکہ منصوبے کا مقصد ایمپریس مارکیٹ اور اس کے اطراف کے علاقوں کو اس کی اصل شکل میں بحال کرنا ہے تاکہ اس تاریخی عمار ت اور اس سے ملحقہ علاقہ کو محفوظ رکھا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ علاقہ کے فراہمی و نکاسی آب کے نظام کو بھی بہتر بنانے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ سیوریج کا پانی سڑکوں پر نہ آئے۔ واضح رہے کہ ا یمپریس مارکیٹ اور اس کے اطراف کے علاقہ کو خوبصورت بنانے اور انہیں ٹریفک کے لئے بند کرکے پیدل چلنے والوں کا علاقہ بنانے کا پہلا مرحلہ اس سال جولائی تک مکمل کر لیا جائے گا جس پر 158 ملین روپے لاگت آئے گی۔

متعلقہ عنوان :