لبیک یارسول اﷲ ؐ کانفرنس سے ثابت کردیں گے کہ کراچی غلامان مصطفےٰؐ کا شہرہے، نواز،بلاول، الطاف اور عمران ایک ہی تھالی کے چٹّے بٹّے ہیں، 73ء کے آئین کی اسلامی شقیں آئین کے ماتھے کا جھومر ہیں، قانون تحفظ ناموس رسالت اور امتناع قادیانیت آرڈیننس میں کسی کو ایک حرف کی ترمیم بھی نہیں کرنے دیں گے

جے یوپی کے تحت کنونشن سے سید عقیل انجم قادری، شبیر ابوطالب، قاضی احمدنورانی ا وردیگر کا خطاب

ہفتہ 26 مارچ 2016 18:28

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 مارچ۔2016ء) جے یوپی مرکزی رہنماعلامہ سید عقیل انجم قادری، شبیر ابوطالب،علامہ قاضی احمدنورانی صدیقی،جماعت اہلسنّت پاکستان کراچی کے ناظم صوفی محمدحسین لاکھانی،روحانی اسکالر سید محمدعلی شاہ،علامہ نثارعلی اجاگر،علامہ رضی حسینی نقشبندی،علامہ عبدالغفاراویسی،مرکزی میلادالائنس پاکستان کے بانی،محمدسلیم خاں قادری ترابی ،تحریک عوام اہلسنّت کے سربراہ عاطف حنیف بلو،مولانا نویدعباسی ودیگر نے16 اپریل کو نشتر پارک میں لبیک یارسول اﷲ ؐ کانفرنس کرکے ثابت کریں گے کہ کراچی غلامان مصطفےٰ ؐ کا شہر ہے ، پاکستان کو سیکولر اور لبرل بنانے کی بات کرنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں، نواز،بلاول، الطاف اور عمران ایک ہی تھیلی کے چٹّے بٹّے ہیں، 1973ء کے آئین کی اسلامی شقیں آئین کے ماتھے کا جھومر ہیں، قانون تحفظ ناموس رسالت اور امتناع قادیانیت آرڈیننس میں کسی کو ایک حرف کی ترمیم بھی نہیں کرنے دیں گے۔

(جاری ہے)

یہ باتیں گزشتہ شب جے یوپی کے زیراہتمام خالقدیناہال کراچی میں عاشق رسول غازی ممتازحسین قادریؒ کے چہلم کے موقع پر منعقدہ تحفظ ناموس رسالت کنونشن سے خطاب کر رہے تھے ۔مقررین نے واجح طورپر اعلان کیاکہ پاکستان کو سیکولرازم اور لبرل ازم کی طرف دھکیلنے کی ہر سازش کا منہ توڑ جواب دیاجائے گا، عاشقان مصطفےٰ ؐ مملکت خدادادمیں نظام مصطفےٰ ؐ کے علاوہ کسی اور ازم کوہرگزہرگزقبول نہیں کریں گے۔

اس موقع پر بلاول زرداری کے عمر کوٹ میں تقریر کے دوران پاکستان میں اقلیتی فرد کو سربراہ مملکت بنانے کی خواہش کے اظہارکی شدید الفاظ میں ملامت کرتے ہوئے مقررین نے کہاکہ بلاول کان کھول کر سن لیں کہ پاکستان دوقومی نظریئے کی بنیادپر وجودمیں آیااور 1973ء کے آئین کی شق 42(2)بتاتی ہے کہ صدر اور وزیراعظم کے لئے مسلمان ہونالازمی شرط ہے، بلاول اگر کسی قادیانی، ہندویاعیسائی کو سربراہ مملکت بنانے کا خواب دیکھ رہے ہیں تو وہ جان لیں کہ ایسی سوچ پیپلزپارٹی کی بچی کھچی ساکھ کو بھی ختم کردے گی،البتہ ان کو اقلیتوں سے ماورائے آئین ہمدردی ہے تو وہ پیپلزپارٹی کی سربراہی ایسے کسی فرد کو سونپ کر اپناشوق پوراکرلیں۔

مقررین نے صدر اور وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ وہ ممتازقادری کے عدالتی قتل پر بغلیں نہ بجائیں اور غیر ملکی آقاؤں کو خوش کرنے کے لئے اسلامیان پاکستان کے مزاج کے خلاف باتیں نہ کریں ورنہ ان کو بدترین مزاحمت کا سامناکرناپڑے گا۔ اس موقع پر کراچی میں الطاف گروپ کے بعد دوبئی سے درآمد مصنوعی قیادت کے بارے میں کہاگیا کہ کراچی میں بسنے والے غلامان رسول عربی اب کسی اور سازش کے شکارنہیں ہوں گے،16اپریل کو نشترپارک کراچی میں جمعیت علماء پاکستان کے زیر اہتمام منعقدہ عظیم الشان لبیک یارسول اﷲ ؐ کانفرنس ایک بارپھر شہر کراچی میں بسنے والے کروڑوں عاشقان رسول ؐ کی فکر عکاس ہوگی۔

ایم کیوایم کے قومیت ، لسانیت اور عصبیت کے جال میں پھنس جانے والے ایک بارپھر اپنی اصل یعنی جمعیت علماء پاکستان ہی کی طرف لوٹیں گے اور اپنے گناہوں پر ندامت کا اظہارکرتے ہوئے غلامیء رسول ؐ کے طوق کو اپنے گلوں کاہاربنانے پر فخرکا اظہارکریں گے۔دریں اثناء جے یوپی کی قیادت کی جانب سے نشتر پارک میں عظیم الشان لبیک یارسول اﷲ ؐ کانفرنس کے انعقاد کے اعلان پر کنونشن کے شرکاء نے کھڑے ہوکر جوش وجذبے کا اظہارکیااور عہد کیاکہ وہ 16اپریل کی کانفرنس کو تاریخی بنادیں گے ۔

اس موقع پر کارکنان نے غازیء ملت ملک ممتازقادری کے مشن کی حفاظت اور اس کے لئے ہر قسم کی قربانی دینے کا عہد کیا۔کنونشن سے صاحبزادہ غلام غوث گولڑوی، صوفی فخرالدین نورانی،مولاناعمر صدیق اشرفی، سردارنسیم یونس ،سید شاداب حسین ودیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ علامہ فدااحمدنعیمی، مولاناقاری محمدادریس قاضی،نسیم احمد سحر،محمدشکیل قاسمی، عبدالوحیدیونس، حاجی شعیب (دبئی)،مولاناغلام مجتبیٰ جلالی،حاجی عبدالرحیم نورانی، شیرمحمدنورانی،قاضی شکیل احمدنورانی،مولانامرزاشوکت حسین مغل ، محمدزبیر نورانی، سیدمحمدعباس نورانی، محمدعاطف نورانی، فقیرمحمدعطاری، سید عمران حسین،قاری ضمیر سعیدی، مولاناہدایت الرحمان،مولاناشاہد قادری، قاری رفیق چشتی، مولانا عبدالقدیر عطاری، مولانافیض مصطفےٰ شمس قادری، مفتی غلام مصطفےٰ شاذلی،اسفندیارخان، محمودخاں عسکری، سیدمسروراحمد،قاری محمدزمان نورانی سمیت علماء کرام ، مشائخ عظام اورمذہبی کارکنان کی بڑی تعدادنے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :