عزیر بلوچ سے ایرانی پاسپورٹ برآمد ہونا ،بھارتی ایجنٹ کا ایران کے ذریعے بلوچستان داخل ہونا قابل تشویش ہے‘ پاکستان علماء کونسل

را ‘‘کے ایجنٹ کی گرفتاری پاکستان کے اداروں کی بڑی کامیابی ہے،حکومت پاکستان کو ہندوستان اور ایران سے پاکستان میں تخریب کرنیوالے عناصر بارے تفصیلی بات کرنی ہوگی‘ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی اور صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی کا مشترکہ بیان

ہفتہ 26 مارچ 2016 18:12

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 مارچ۔2016ء) بلوچستان سے’’ را ‘‘کے ایجنٹ کی گرفتاری پاکستان کے اداروں کی بڑی کامیابی ہے،حکومت پاکستان کو ہندوستان اور ایران سے پاکستان میں تخریب کرنے والے عناصر کے بارے میں تفصیلی بات کرنی ہوگی،عزیر بلوچ سے ایرانی پاسپورٹ برآمد ہونا اور ہندوستانی ایجنٹ کا ایران کے ذریعے بلوچستان داخل ہونا قابل تشویش ہے۔

یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی اور مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے پڑوسی اور دوست ممالک کی سلامتی اور استحکام اور خود مختاری کا احترام کرتا ہے لیکن پڑوسی اور دوست ممالک کو بھی چاہئے کہ وہ پاکستان کی سلامتی ،استحکام اورخودمختاری کا بھی احترام کریں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے وزیر داخلہ کی طرف سے بھارتی جاسوس کی گرفتاری پر ایران کی حکومت سے بات کرنے کے اعلان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان میں دہشتگردی اور تخریب کاری میں ملوث دو بڑے مجرموں کا ایران اور ہندوستان سے تعلق ثابت ہونے پر مزید کسی شواہد کی ضرورت نہیں ہے۔حکومت پاکستان کو ایرانی صدر کی موجود گی میں ان مسائل کو اٹھانا چاہئے اور ایران میں موجود ان عناصر کیخلاف ایکشن کا مطالبہ کرنا چاہئے جو پاکستان میں دہشتگردی،انتہاپسندی اور فرقہ وارانہ تشدد میں ملوث ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ ایرانی حکومت پاکستان میں تخریب کرنے والے عناصر کے خاتمے کیلئے مثبت رویہ اپنا ئے گی اور تحقیقات میں حکومت پاکستان سے مکمل تعاون کیا جائیگا۔