باغات میں نئے پودے لگانے کے بعد چاول ، مکئی ، گنے ، کپاس ، چری کی مخلوط کاشت سے اجتناب کیا جائے، زرعی ماہرین

ہفتہ 26 مارچ 2016 16:46

فیصل آباد۔26 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔26 مارچ۔2016ء ) باغات میں نئے پودے لگانے کے بعد باغبانوں کو چاول ، مکئی ، گنے ، کپاس ، چری کی مخلوط کاشت سے اجتناب کی ہدایت کی گئی ہے اور کہاگیاہے کہ باغبان نئے پودے لگانے کے بعد باغ میں اونچے قد، گہری جڑوں اور پانی کی زیادہ ضرورت والی فصلات کی مخلوط کاشت ہرگز نہ کریں بصورت دیگر باغات اور فصلات کو سخت نقصان پہنچنے کا احتمال رہتاہے۔

ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آبادکے ماہرین زراعت نے بتایاکہ چاول ، مکئی ، گنے ، کپاس ، چری کی فصلات اونچے قد،گہری جڑوں اور پانی کی زیادہ ضرورت کے باعث پھلدارپودوں کو شدید نقصان پہنچانے کاموجب بنتی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار و باغبان موسم ربیع کے دوران پھلدار پودوں کے باغات میں چنے ، مسور ، ٹماٹر ، آلو ، مٹر ، شلجم ، گوارے اور موسم خریف میں مونگ، ماش ، موٹھ، پیاز، مرچ وغیرہ کی مخلوط کاشت کرسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پھلدار پودوں سے زیادہ پیداوار حاصل کرنے کیلئے باغات کو جڑی بوٹیوں سے پاک رکھنے کے علاوہ نلائی و گوڈی کی بھی ضرورت ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ گوڈی اور ہل چلا کر نمی کو بھی زیادہ دیر تک محفوظ رکھاجاسکتاہے جبکہ گوڈی گول چکر میں کرنے کے بھی مزید فوائد مشاہدے میں آئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ باغبان ہل چلاتے وقت اس امر کا خاص خیال رکھیں کہ پودوں کے تنے اور جڑیں زخمی نہ ہونے پائیں۔

متعلقہ عنوان :