عدالت نے ایم کیو ایم کے قائد سمیت 20 رہنماوٴں کو اشتہاری قرار دیدیا

ہفتہ 26 مارچ 2016 16:15

عدالت نے ایم کیو ایم کے قائد سمیت 20 رہنماوٴں کو اشتہاری قرار دیدیا

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 مارچ۔2016ء) انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ایم کیو ایم کے قائد سمیت 20 رہنماوٴں کو اشتہاری قرار دے دیا جبکہ پولیس کی جانب سے مفرور قرار دیئے گئے ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار، خالد مقبول صدیقی سمیت دیگر کے ایک بار پھر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے گئے ہیں۔انسداد دہشت گردی کی عدالت میں ایم کیو ایم کے قائد کی اشتعال انگیز تقاریر سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی تو ایم کیو ایم کے رہنما وسیم اختر، روٴف صدیقی اور قمر منصور عدالت میں پیش ہوئے جبکہ سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ خواجہ اظہارالحسن ویزے کی تجدید کے لیے دبئی میں ہیں، پیش نہیں ہو سکتے جس پر عدالت نے خواجہ اظہار الحسن کی حاضری سے استثنی کی درخواست منظور کر لی۔

(جاری ہے)

عدالت نے ایم کیو ایم کے قائد کی اشتعال انگیز تقریر کے 21 مقدمات میں ایم کیو ایم کے قائد سمیت 20 رہنماوٴں کو اشتہاری قرار دے دیا۔ رہنماوٴں میں ڈاکٹر فاروق ستار، خالد مقبول صدیقی، رشید گوڈیل، ریحان ہاشمی اور خواتین رہنما بھی شامل ہیں۔ عدالت میں مختار کار نے متحدہ رہنماوٴں کے جائیداد کی تفصیلات بھی پیش کیں۔ عدالت نے پولیس کی جانب سے مفرور قرار دیئے گئے ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار، خالد مقبول صدیقی سمیت دیگر کے ایک بار پھر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :