گوجرانوالہ میں ایک جعلی عامل نے 'جنات نکالنے' کے عمل کے دوران ایک شخص کو زندہ جلا دیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 26 مارچ 2016 15:26

گوجرانوالہ(ا ردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔26مارچ۔2016ء) گوجرانوالہ میں ایک جعلی عامل نے 'جنات نکالنے' کے عمل کے دوران مبینہ طور پر ایک شخص کو زندہ جلا کر قتل کر دیا۔باغبانپورہ پولیس کے مطابق 60 سالہ محنت کش عبدالستار گزشتہ کچھ روز سے بیمار تھا اور اسے دورے پڑتے تھے، جس کے علاج کے لیے اس کے اہلخانہ نے گوجرہ سے ایک عامل بابا کو بلوایا۔

(جاری ہے)

مذکورہ عامل اپنے ساتھیوں کے ہمراہ وہاں پہنچا اور عبدالستار کی بیماری کو جنات کا سایہ قرار دے کر گھر کے ایک کمرے میں لے گیا، جہاں وہ رات بھر آگ جلا کر چلہ کاٹتا رہا۔پولیس کے مطابق صبح کمرے سے کوئی آواز نہ آنے پر اہلخانہ نے کمرے کا دروازہ توڑا تو کمرے میں عبدالستار کی لاش موجود تھی اور آگ کے باعث اس کا چہرہ اور جسم بری طرح جھلس چکا تھا، جبکہ عامل بابا اپنے ساتھیوں کے ہمراہ فرار ہو چکا تھا۔

اطلاع ملنے پر تھانہ باغبانپورہ کی پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسڑکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کردیامقتول محنت کش کے 6 بچے تھے۔دوسری جانب پولیس نے فرار ہونے والے جعلی عامل اور ان کے 3 نامعلوم ساتھیوں کے خلاف جلا کر قتل کرنے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔