وزیر اعلیٰ پنجاب کے شاہدرہ ہسپتال کے اچانک دورے کے بعد آفٹر شاکس نے تمام انتظامی افسران کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا

او ایس ڈی بنا کر سپیشلائزڈ ہیلتھ رپورٹ کرنے کا حکم دیدیا گیا ، ہسپتال میں نئی تعیناتیاں بھی کر دی گئیں ، تمام معاملات کی انکوائری کا بھی حکم

ہفتہ 26 مارچ 2016 14:38

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 مارچ۔2016ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے شاہدرہ ہسپتال کے اچانک دورے کے بعد آفٹر شاکس نے تمام انتظامی افسران کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ، او ایس ڈی بنا کر سپیشلائزڈ ہیلتھ رپورٹ کرنے کا حکم دیدیا گیا ، جبکہ ہسپتال میں نئی تعیناتیاں بھی کر دی گئیں ۔تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے شاہدرہ ہسپتال کا اچانک دورہ کر کے ہسپتال کے مختلف وارڈز اور آپریشن تھیٹرز کامعائنہ ،صفائی کے انتظامات اور طبی آلات و مشینری کاجائزہ لیاتھا ۔

وزیر اعلیٰ نے مفت ادویات کی عدم دستیابی کی شکایت پر برہمی کا اظہار اور ڈیوٹی پر مقررہ وقت پر نہ پہنچنے پر ایم ایس کی سرزنش بھی کی تھی۔ جبکہ مریضوں کی شکایات کے ازالے کیلئے احکامات جاری کئے۔

(جاری ہے)

جس کے بعد محکمہ صحت پنجاب نے شاہدرہ ہسپتال کا تمام اہم عملے کو فارغ کر کے او ایس ڈی بنا دیا ہے ۔ ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ فخر الزمان ، ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ذوالفقار بٹ ، ڈاکٹر شہباز ، ڈاکٹر زبیر نذیر ، ڈاکٹر ناصر مہدی ، فارماسٹ خبیر حسین نقوی اور اکاؤنٹنٹ حسنین احمد اور ڈریسر شاہدرہ ہسپتال میاں محمد سرور کو او ایس ڈی بنا کر سپیشلائزڈ ہیلتھ رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے ۔

جبکہ سروسز ہسپتال سے ڈاکٹر پرویز امتیاز کو اے پی ایم او شاہدرہ ہسپتال ، یکی گیٹ ہسپتال سے ڈاکٹر شکیل عثمان صدیقی کو ڈی ایم ایس شاہدرہ ہسپتال ، ریاض حفیظ ڈی ایم ایس ،جناح ہسپتال سے ڈاکٹر ساجد ترمذی کو شاہدرہ ہسپتال تعینات کر دیا گیا ہے ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کو تمام معاملات کی انکوائری کا بھی حکم دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :