قائد اعظم پاکستان بننے سے پہلے دنیا سے رخصت ہو جاتے تو قیامت تک پاکستان کا وجود عمل میں نہیں آ سکتا تھا‘ ڈاکٹر عبد القدیر خان

ہفتہ 26 مارچ 2016 14:37

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 مارچ۔2016ء) ممتاز ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبد القدیر خان نے کہا ہے کہ اگر قائد اعظم محمد علی جناح پاکستان بننے سے پہلے دنیا سے رخصت ہو جاتے تو قیامت تک پاکستان کا وجود عمل میں نہیں آ سکتا تھا،میں دعوے سے کہتا ہوں کہ پاکستان نے ایٹمی صلاحیت حاصل کرنے کیلئے کسی دوسرے ملک سے کوئی مدد حاصل نہیں کی،اگر پاکستان کے پاس ایٹمی صلاحیت نہ ہوتی تو بھارت پہلے کشمیر اور پھر لاہور پر قبضہ کر کے ملک کو تقسیم کر دیتا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیورسٹی آف مینجمنٹ ٹیکنالوجی کے جناح فور م کے زیراہتمام ” جناح اور پاکستان کے قیام کیلئے کوشش “ کے موضوع پرمنعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر سینئر صحافی سلمان غنی ، یو ایم ٹی کے ریکٹر حسن صہیب مراد، عابد شیروانی اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عبد القدیر خان نے مزید کہا کہ پاکستان کے قیام کیلئے قائد اعظم محمد علی جناح نے جس لگن سے جدوجہد کی اس کی کوئی نظیر نہیں ملتی ۔

اگر قائد اعظم محمد علی جناح پاکستان بننے سے پہلے دنیا سے رخصت ہو جاتے تو قیامت تک پاکستان کا وجود عمل میں نہیں آسکتا تھا ۔ گاندھی نے تحریک پاکستان میں شامل لوگوں کو بڑے بڑے عہدے دے دینے تھے اور اس کے چند سالوں بعد انہیں عہدوں سے ہٹا دیا جانا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بھی حقیقت ہے کہ اگر پاکستان ایٹمی طاقت نہ بنتا تو بھارت پہلے کشمیر اور اسکے بعد لاہور پر قبضہ کر لیتا اور ملک کو تقسیم کر دیتا ۔

اس وقت بھی کئی ممالک کو توڑ کر تقسیم کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے طلبہ کو بتایا کہ میں ہالینڈ میں پروفیسر شپ کر رہا تھا جب چھٹیوں پر پاکستان آیا تو ذوالفقار علی بھٹو نے مجھے روک لیا اور کہا کہ آپ پاکستان کے لئے خدمات سر انجام دیں ،اگر میں نہ رُکتا اور بھٹو کا کہنا نہ مانتا تو قیامت تک پاکستان ایٹمی طاقت نہیں بن سکتا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ میں دعوے سے کہتا ہوں کہ ہم نے ایٹم بم بنانے میں باہر کے کسی ملک سے کوئی مدد نہیں لی بلکہ سارا کام خود سر انجام دیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں باتیں کرنے والے بہت ہیں لیکن اصل کام کرنے والے لوگوں کی کمی ہے ۔ طلبہ سے کہتا ہوں کہ سیاسی اور مذہبی فساددات میں ہرگز نہ پڑیں یہ کام کرنے کیلئے ان کی پوری زندگی ڑی ہے اور فی الوقت ساری توجہ اپنی تعلیم پر دیں ۔ سینئر صحافی سلمان غنی نے کہا کہ ڈاکٹر عبد القدیر خان نے اس ملک کو اس قابل بنایا کہ آج دنیا کا چھوٹا ملک ہونے کے باوجود اس کا اہم کردار ہے ۔ چونیتس اسلامی ممالک قائدانہ کردار ادا کرنے کی اپیل کر رہے ہیں ۔ پاکستان نیوکلیئر پاور بننے کے بعد دفاعی اعتبار سے خود انحصاری کی منزل تک پہنچ چکا ہے ۔