پاکستان اور ایران کا دو طرفہ تجارت بڑھانے ‘ توانائی ‘ دفاع کے شعبوں اوردہشتگردی کے خاتمے کیلئے تعاون پر اتفاق

صدر مملکت ممنون حسین کی بین الاقوامی پابندیوں کے خاتمے پر ایرانی صدر کو مبارکباد

ہفتہ 26 مارچ 2016 14:31

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 مارچ۔2016ء) پاکستان اور ایران نے دو طرفہ تجارت بڑھانے ‘ توانائی ‘ دفاع کے شعبوں اوردہشتگردی کے خاتمے کیلئے تعاون پر اتفاق کیا ہے جبکہ صدر مملکت ممنون حسین نے بین الاقوامی پابندیوں کے خاتمے پر ایرانی صدر کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان اور ایران کو دہشت گردی کے خلاف مل کر کارروائی کرنی چاہیے ‘خطے کی ترقی کیلئے پاکستان اور ایران کے درمیان، زمینی اور فضائی رابطوں میں اضافہ ہونا چاہیے ‘پاکستان بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک سے خوش گوار تعلقات کا خواہش مند ہے ‘پاک بھارت تعلقات میں بہتری کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل نا گزیر ہے ‘توقع ہے افغان حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات کا اگلا دور جلد ہو گا ۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو صدرمملکت ممنو ن حسین سے ایران کے صدر حسن روحانی نے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تجارت میں اضافے، توانائی اور دفاع کے شعبوں میں تعاون اور مواصلاتی رابطوں میں اضافے اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے تعاون پر اتفاق کیا ہے ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدرمملکت ممنون حسین نے کہاکہ پاکستان ایران سے بجلی کی خریداری پر غور کر رہا ہے ۔ صدر ممنون مملکت ممنون حسین کی طرف سے ایرانی صدر حسن روحانی کو نوروز اور بین الاقوامی پابندیوں کے خاتمے پر ایرانی صدر کو مبارک باد دی گئی صدر ممنون حسین نے کہاکہ خطے کی ترقی کیلئے پاکستان اور ایران کے درمیان، زمینی اور فضائی رابطوں میں اضافہ ہونا چاہیے۔

صدر نے کہاکہ پاکستان بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک سے خوش گوار تعلقات کا خواہش مند ہے ‘پاک بھارت تعلقات میں بہتری کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل نا گزیر ہے۔ صدر نے کہاکہ خطے میں استحکام کے لیے افغانستان میں امن ضروری ہے اور توقع ہے کہ افغان حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات کا اگلا دور جلد ہو گا۔ ایرانی صدر نے پاکستان میں پر تپاک خیر مقدم اور مہمان نوازی پر صدر ممنون حسین سے صدر روحانی کا اظہار تشکر کرتے ہوئے کہاکہ دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون میں اضافہ ہونا چاہیے حسن روحانی نے کہاکہ پاکستان ہمارا برادر دوست ہے۔

انہوں نے کہاکہ دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی تعاون میں اضافے کے وسیع امکانات ہیں صدر روحانی نے کہاکہ پاکستان اور ایران کے درمیان قدرتی وسائل کے شعبے میں تعاون بڑھایا جائے۔ صدر نے کہاکہ پاکستان اور ایران کو دہشت گردی کے خلاف مل کر کاروائی کرنی چاہیے ۔صدر ممنون حسین نے کہاکہ خطے میں امن کیلئے پاکستان اور ایران کو ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے ایرانی صدر حسن روحانی نے علامہ اقبال کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ پاک ایران رشتوں کی راہ میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ۔

ایرانی صدر نے کہاکہ پاک ایران بینکوں کی شاخیں دونوں ملکوں میں قائم ہونی چاہیں حسن روحانی نے کہاکہ پاکستان نے ٹیکنالوجی کے شعبے میں بہت ترقی کی ہے۔ حسن روحانی نے کہاکہ خطے کے مسائل مذاکرات کے ذریعے حل کیے جائیں ‘پاکستان اور ایران کی سرحد ایک دوسرے کے لیے امن کی علامت بن جانی چاہیے۔