پاکستان میں ہواوے مصنوعات کی پسند میں اضافے، بڑھتی طلب، ایڈوانس ٹیلی کام کو ڈسٹری بیوٹر مقرر کردیا گیا

ہفتہ 26 مارچ 2016 14:25

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 مارچ۔2016ء) پاکستان میں ہواوے مصنوعات کی پسند میں اضافے اور بڑھتی ہوئی طلب کو دیکھتے ہوئے ایڈوانس ٹیلی کام کو پاکستان میں ہواوے کا نیا ڈسٹری بیوٹر مقرر کردیا گیا ہے۔اس اقدام سے اب ملک بھر میں ہواوے برانڈ پسند کرنے والوں کیلئے اپنی مطلوبہ ہواوے ڈیوائسز کی خریداری میں مزید آسانیاں حاصل ہوجائینگی۔

اس ضمن میں گزشتہ روز لاہور کے مقامی ہوٹل میں ایک پریس کانفرنس کے درمیان ہواوے پاکستان اور ایڈوانس ٹیلی کام کے درمیان ایک معاہدے پر دستخط کئے گئے۔اس موقع پر ہواوے پاکستان کے منیجنگ ڈائریکٹر مسٹر شان،ایڈوانس ٹیلی کام کے سی ای او رضوان مجیداور ایڈوانس ٹیلی کام کے صدر آصف مجید سمیت دونوں کمپنیوں کے سینئر عہدیداران ،میڈیا نمائندگان اور ٹیکنالوجی بلاگرز کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

(جاری ہے)

ایڈوانس ٹیلی کام کو پاکستان میں موبائل فونزکی ڈسٹری بیوشن کا10سال کا تجربہ حاصل ہے اور ملک بھر میں ایڈوانس ٹیلی کام کے پاس بہترین نیٹ ورکنگ موجود ہے۔اس موقع پر ہواوے پاکستان کے ایم ڈی مسٹر شان کا کہنا تھا کہ ہمیں ایڈوانس ٹیلی کام کے ساتھ کئے گئے اس اشتراک پر انتہائی مسرت ہے اور ہمیں یقین ہے کہ اس اقدام سے ملک بھر میں ہمارے صارفین کو ہواوے مصنوعات سے استفادہ کرنے میں مدد ملے گی۔

ایڈوانس ٹیلی کام کی بطور ڈسٹری بیوٹرز شمولیت سے صارفین اب اور بھی زیادہ آسانی سے ہواوے کی جدید ٹیکنالوجی سے محظوظ ہوسکیں گے جبکہ اس وقت ایئر لنک اور ایم اینڈ پی بھی پاکستان میں ہواوے برانڈ کو مضبوط کرنے کے حوالے سے کلیدی کرادر ادا کررہے ہیں۔سی ای او ایڈوانس ٹیلی کام رضوان مجید کا کہنا تھا کہ آج کے جدید دور میں ہواوے کو سرکردہ ٹیکنالوجی برانڈ کی حیثیت حاصل ہے اور ہواوے کو اپنی بہترین مصنوعات کے باعث نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں مقبولیت حاصل ہے اور ٹیکنالوجی کے اعتبار سے ہواوے کو اپنے ہمعصروں پر واضح برتری حاصل ہے ۔

ہواوے پاکستان میں پہلے ہی تیزی سے اپنی جگہ بنا رہی ہے ،تاہم اس نئے اشتراک سے نہ صرف ہواوے کی آوٴٹ ریچ میں اضافہ ہوگا بلکہ پاکستان بھر میں ہواوے برانڈ پسند کرنے والے افراد بھی اب زیادہ آسانی سے ہواوے مصنوعات کے تجربات سے استفادہ کرسکیں گے۔

متعلقہ عنوان :