آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ایرانی صدر حسن روحانی کی ملاقات ‘بھارتی خفیہ ایجنسی را کی پاکستان خصوصاً بلوچستان میں مداخلت سے آگاہ کیا‘ ایرانی صدر کی آپریشن ضرب عضب میں پاک فوج کی کامیابیوں کی ستائش

ہفتہ 26 مارچ 2016 12:59

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 مارچ۔2016ء) ایرانی صدر حسن روحانی سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ملاقات کرکے بھارتی خفیہ ایجنسی را کی پاکستان خصوصاً بلوچستان میں مداخلت سے آگاہ کیا‘ ایرانی صدر نے آپریشن ضرب عضب میں پاک فوج کی کامیابیوں کو سراہا۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات کی جس دوران پاک ایرانی تعلقات اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں دونوں ملکوں کی سرحدی سلامتی اور اس حوالے سے روابط بڑھانے سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایرانی صدر حسن روحانی نے پاک فوج کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپریشن ضرب عضب میں پاک فوج نے نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ایرانی صدر کو پاکستان کو درپیش چیلنجز سے آگاہ کیا۔ آرمی چیف نے بھارتی خفیہ ایجنسی را کی پاکستان خصوصاً بلوچستان میں مداخلت سے بھی ایرانی صدر کو آگاہ کیا۔