برسلز دھماکوں کے ملزم نجیم عشراوی کی شناخت دوسرے خود کش بمبار کے طور پر ہوگئی:بیلجئیم کے پراسیکیوٹر جنرل کا بیان

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 26 مارچ 2016 12:26

برسلز دھماکوں کے ملزم نجیم عشراوی کی شناخت دوسرے خود کش بمبار کے طور ..

برسلز(ا ردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔26مارچ۔2016ء) بیلجئیم کے پراسیکیوٹر جنرل نے بتایا ہے کہ برسلز دھماکوںکے ملزم نجیم عشراوی کی شناخت دوسرے خود کش بمبار کے طور پر ہوگئی ہے۔ پراسیکیوٹر جنرل نے ایک بیان میں بتایا کہ منگل کے روز برسلز میں ہوائی اڈے اور میٹرو اسٹیشن پر ایک ہی وقت میں دہشت گردی میں ملوث دوسرے خود کش بمبارکی شناخت کی گئی ہے ان حملوں میں 31 افراد ہلاک اور250سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔

پراسیکیوٹر جنرل کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ملزم کے ڈی این کے نشانات گذشتہ برس پیرس میں باتکلان تھیٹر میں ہونے والی دہشت گردی کی جائے وقوعہ سے بھی ملے ہیں۔ اس تھیٹر میں دہشت گردی کی کارروائی میں 90 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

(جاری ہے)

استغاثہ کا مزید کہنا ہے کہ ملزم کا گذشتہ برس نومبر میں فرانس میں ہونے والی دہشت گردی کے واقعات میں ملوث ہونے کا بھی شبہ ہوتا ہے کیونکہ اس کے ڈی این کے نمونے فرانس کے ایک اسٹیڈم سے ملنے والے بم سے بھی حاصل ہوئے ہیںاس سے قبل برسلزپولیس نے نجیم عشراوی کو مفرورقراردیا تھا ۔

ادھر بیلجئیم پولیس نے جمعہ کو برسلز کے مختلف مقامات پر چھاپہ مار کارروائیوں میں تین افراد کو حراست میں لیا ہے۔ حراست میں لی گئی دو سگی بہنوں سے بھی پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے۔ ان تینوں افراد کو برسلز کے فوریسٹ، سان گیل، اور چاربیک کے مقامات سے حراست میں لیا گیا۔ ان میں سے ایک کی شناخت صلاح کے نام سے کی گئی ہے تاہم مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔