ایرانی صدر ڈاکٹر حسن روحانی کی ایوان صدر آمد،صدرمملکت نے استقبال کیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 26 مارچ 2016 12:22

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔26 مارچ 2016ء): ایرانی صدر ڈاکٹر حسن روحانی ایوان صدر پہنچنے جہاں صدر مملکت ممنون حسین نے ایرانی صدر کا استقبال کیا۔ ایوان صدر پہنچنے پر بچوں نے ایرانی صدر کو پھولوں کے گلدستے پیش کیے۔ صدر مملکت ممنون حیسن اور ایرانی صدر ڈاکٹر حسن روحانی کی ایوان صدر ہی میں ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں پاک ایران تعلقات میں مزید بہتری لانےا ور خطے کی سکیورٹی سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں کے مابین پاکستان اور ایران کے مابین مزید شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی غور کیا گیا۔ملاقات میں صدر مملکت ممنو ن حسین نے ایرانی صدر کو جشن نو روز کی مبارکباد دی۔ صدر ممنو ن حسین نے ایرانی صدر کو بتایا کہ پاکستان کے متعدد شہروں میں نوروز منایا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے مابین گہرے اور دوستانہ تعلقات ہیں، دونوں ممالک کے تعلقات مذہبی، ثقافتی اور تاریخی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔

صدر مملکت نے ملاقات میں مزید کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ مل کر توانائی کی ضرورت پوری کرسکتا ہے۔ان کا کہناتھا کہ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے سے توانائی کی ضرورت کو پورا کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ تجارتی، معاشی اوراقتصادی رابطوں کو فروغ دینے کا خواہشمند ہے۔ یاد رہے کہ ایران سے پابندیاں اٹھائے جانے کے بعد ایرانی صدر ڈاکٹر حسن روحانی کا پاکستان کا دو روزہ سرکاری دورہ نہایت اہمیت کا حامل ہے۔