اسپیکر نے سندھ اسمبلی کا اجلاس ملتوی کرنے میں جلدکی،پیپلز پارٹی کے ارکان اجلاس میں نہیں آئے، اسپیکر نے غصہ دوسروں پر نکال دیا،ایم کیوا یم کے پارلیمانی لیڈرسید سردار احمد کی صحافیوں سے گفتگو

جمعہ 25 مارچ 2016 22:33

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 مارچ۔2016ء) متحدہ قومی موومنٹ ( ایم کیو ایم ) کے پارلیمانی لیڈر سید سردار احمد نے کہا ہے کہ اسپیکر نے جمعہ کو سندھ اسمبلی کا اجلاس ملتوی کرنے میں جلدی کی ۔ کورم پورا نہ ہو تو اجلاس ملتوی کرنے کا طریقہ ہوتا ہے۔ اس طرح اجلاس ملتوی نہیں کیا جاتا ہے کہ اسپیکر نشست پر کھڑے ہو کر جلدی میں اجلاس ملتوی کر دیں ۔

جمعہ کو سندھ اسمبلی کے اجلاس کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے ارکان نے اجلاس ملتوی ہونے پر احتجاج کیا ہے ۔ پیپلز پارٹی کے ارکان خود اجلاس میں نہیں آئے اور اسپیکر نے غصہ دوسروں پر نکال دیا ۔ ایم کیو ایم کے رکن سندھ خالد احمد نے کہا کہ سندھ اسمبلی کا اجلاس حکومت نے طلب کیا تھا اور کورم پورا کرنا بھی حکومت کا کام ہے ۔

(جاری ہے)

حکومت لوگوں کو ڈلیور کرنے میں ناکام ہو چکی ہے ۔ اس لیے وہ اسمبلی کے اجلاس سے فرار حاصل کرتی ہے ۔ ایم کیو ایم کے رکن محمد عبدالرؤف صدیقی نے کہا کہ حکومت نے اکثریت کے بل بوتے پر اجلاس ملتوی کرکے عوام کا حق سلب کیا ہے ۔ اجلاس پر کروڑوں روپے خرچ ہو رہے ہیں ۔ طویل چھٹیاں کرکے اسمبلی کے دن پورے کیے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ جون میں بجٹ آنا ہے ۔ بجٹ کی تیاری ہونی چاہئے لیکن حکومت کو کسی چیز میں دلچسپی نہیں ہے۔

متعلقہ عنوان :