راولپنڈی میں مفت طبی مرکز کا افتتاح کر دیا گیا

خدمت انسانیت ہی آدمیت کی معراج ہے ، انسانیت کی خدمت کا مشن اولین ترجیح ہے،جنرل (ر)مصطفی خان

جمعہ 25 مارچ 2016 21:57

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 مارچ۔2016ء) غریب اور مستحق مریضوں کے مفت علاج معالجے اور دیگر سہولیات کی فراہمی کے لیے المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کے زیر اہتمام راولپنڈی میں مفت طبی مرکز کا افتتاح کر دیا گیا ۔اس موقع پر المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کے چیئرمین جنرل (ریٹائرڈ )مصطفی خان نے کہا ہے کہ خدمت انسانیت ہی آدمیت کی معراج ہے ، انسانیت کی خدمت کا مشن اولین ترجیح ہے اور اس مشن کا فروغ جاری ہے ۔

(جاری ہے)

جنرل (ریٹائرڈ )مصطفی خان نے کہا کہ المصطفی ٹرسٹ مخیر حضرات کی معاونت سے 1998سے اب تک 12میڈیکل سنٹرز قائم کیے ہیں جن سے ہزاروں مستحق مریض مستفید ہو رہے ہیں ۔ ٹرسٹ کے پیٹرن جنرل (ریٹائرڈ )غلام ملک نے کہا کہ یہ ٹرسٹ خالصتاً فلاحی نوعیت کا ہے جس کے تمام ممبران ریٹائرڈ فوجی افسران ہیں ۔قبل ازیں کرنل (ریٹائرڈ )ظفر صوفی نے ٹرسٹ کے زیر انتظام چلنے والے مفت طبی مراکز میں فراہم کی جانے والی سہولیات کی تفصیل سے آگاہ کیا اور بتایا کہ ان طبی مراکز میں لیبارٹری ٹیسٹوں ،ای سی جی ،الٹرا ساؤنڈ اور ادویات سمیت دیگر سہولیات بغیر معاوضہ فراہم کی جاتی ہیں ۔

انہوں نے بتایا کہ تما م مراکز مخیر حضرات کے عطیات کی بدولت چلائے جارہے ہیں جس سے ثابت ہوتا ہے کہ دنیا میں اہل دل حضرات کی کمی نہیں ہے ۔

متعلقہ عنوان :