بلوچستان سے بھارتی خفیہ ایجنسی کے اہلکار کی گرفتاری باعث تشویش ہے، پاکستانی اور بھارتی قیادت امن دشمن عناصر کے خلاف مشترکہ تحقیقات کریں، بلاول بھٹو زرداری کا ہولی منانا خوش آئند اقدام ہے

پاکستان ہندوکونسل کے سرپرست اعلیٰ اور ممبرقومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار ونکوانی کی میڈیا سے گفتگو

جمعہ 25 مارچ 2016 21:56

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 مارچ۔2016ء ) پاکستان ہندوکونسل کے سرپرست اعلیٰ اور ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار ونکوانی نے بلوچستان سے بھارتی خفیہ ایجنسی "را"کے اہلکار کی گرفتاری کی خبروں پر سخت اظہارِ تشویش کرتے ہوئے پاک بھارت امن عمل کے خلاف سازش قرار دیا ہے، جمعے کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں سے گفتگو میں ڈاکٹر رمیش کمارونکوانی نے کہا کہ جس طرح پٹھانکوٹ حملے کے بعد وزیراعظم نواز شریف نے بھارتی وزیر اعظم مودی کو بذات خود ٹیلیفون کرکے تعاون کی پیشکش کی، اسی طرح مودی کو بھی فون کرکے بلوچستان سے بھارتی خفیہ ایجنٹ کی گرفتاری پر اپنا موقف دیکر تحقیقات میں تعاون کرنا چاہیے، انہوں نے کہا کہ خطے کا مستقبل پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے سے وابستہ ہے، بھارتی خفیہ ایجنسی کا مبینہ طور پر راہداری منصوبے کو سبوتاژ کرنے میں پاکستانی سرزمین پر عملی کردار اداکرنے کی اطلاعات تشویشناک ہیں، پاکستان ہندوکونسل بارہا انتباہ کرچکی ہے کہ جب بھی پاکستان اور بھارت کے مابین امن قائم ہونے کی توقع ہونے لگتی ہے، نادیدہ ہاتھ سرگرم ہوجاتے ہیں، ڈاکٹر رمیش ونکوانی نے پاک بھارت کو قریب لانے کیلئے اپنے عملی تعاون کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ دونوں ممالک کی اعلیٰ قیادت ایسے ناپسندیدہ عناصر کا سدباب مشترکہ طور پر کریں، ایسے حالات میں چین سے بھی مدد لینے میں کوئی مضاحقہ نہیں ہونا چاہیے، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے ہندو مذہبی تہوار "ہولی"کو پاکستان میں سرکاری طور پر منائے جانے کو خوش آئین اقدام قرار دیا، انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے تمام پاکستانیوں بشمول اقلیتوں کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے، اس سلسلے میں ہولی جیسے تہوار بدی پر نیکی کی فتح کی یاد دلاتے ہیں اور ملک میں بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرسکتے ہیں، علاوہ ازیں پاکستان ہندوکونسل نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی طرف سے سندھ میں ہولی منائے جانے کا خیرمقدم کیا ہے، کونسل کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر رمیش کمار ونکوانی نے بلاول بھٹو زرداری کے ملک کے اعلیٰ ترین عہدوں پر اقلیتوں کے حوالے سے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے تعاون کی یقین دہانی کرائی، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی صدر اور وزیراعظم کے عہدوں کے دروازے اقلیتوں کیلئے کھولنے کیلئے آئینی ترمیمی بل پارلیمنٹ میں پیش کرے، وہ اِس آئینی ترمیم کے حق میں سب سے پہلے اپنا ووٹ کا حق استعمال کریں گے۔

(جاری ہے)

پاکستان ہندوکونسل نے سندھ میں کچی شراب کے باعث تاحال 45ہندو باشندوں کی ہلاکت پر سخت رنج و غم کا اظہارکیاہے،ڈاکٹر رمیش ونکوانی نے اس افسوسناک سانحے کا ذمہ دارصوبائی ایکسائز منسٹر کو قرار دیتے ہوئے فوری برطرفی کا بھی مطالبہ کیاہے، ڈاکٹر رمیش کا کہنا ہے کہ ہندو مت سمیت ہر مذہب دھرم میں شراب کی ممانعت ہے اور پاکستان ہندوکونسل ملک میں اقلیتوں کے نام پر شراب کی خرید و فروخت پر پابندی کے حق میں ہے۔