صارفین کو بجلی کی بلاتعطل فراہمی میں ناکامی پر نیپرا نے کے الیکٹرک پر 1 کروڑ روپے جرمانہ عائد کر دیا

کے الیکٹرک اپنے سسٹم کو اپ گریڈ کرنے کے 40کروڑ ڈالر کے مجوزہ منصوبے کو مقرر کردہ مدت میں پورا کرے‘نیپرا

جمعہ 25 مارچ 2016 21:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 مارچ۔2016ء) نیپرا نے کے الیکٹرک پر ایک کروڑ روپے کا جرمانہ عائد کردیا۔ جرمانہ کمپنی کو صارفین کو بجلی کی بلاتعطل فراہمی میں ناکامی پر عائد کیا گیا۔جمعہ کو نیپرا کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جون دو ہزار پندرہ کے دوران کمپنی کے سسٹم میں لوڈ شیڈنگ میں نمایاں اضافہ ہوا۔ کئی مرتبہ بجلی کا بریک ڈاؤن ہوا۔

(جاری ہے)

نیپرا نے حقائق جاننے کے لیے کمیٹی قائم کرتے ہوئے کمپنی کو شوکاز نوٹس جاری کیا اور جواب کے لیے مناسب مہلت دی گئی۔ کمپنی کو صارفین کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی نہ کرنے پر پچاس لاکھ روپے جبکہ اپنی پیداواری صلاحیت کو مکمل طور پر بروئے کار نہ لانے پر پچاس لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا۔نیپرا نے کے الیکٹرک کو ہدایت کی کہ بجلی چوری اور بل ادا نہ کرنے والوں کے علاوہ تمام صارفین کو بلاتعطل بجلی فراہمی یقینی بنائے۔ کے الیکٹرک کو مزید ہدایت کی گئی ہے کہ اپنے سسٹم کو بھی اپ گریڈ کرنے کے چالیس کروڑ ڈالر کے مجوزہ منصوبے کو مقرر کردہ مدت میں پورا کرے۔