پاکستان اور ایران مابین باہمی تعاون کوتمام شعبوں میں فروغ دیا جائے گا، دونوں ممالک کے درمیان 2سرحدی کراسنگ پوائنٹ بنائے جائیں گے، اس سے عوامی اقتصادی و تجارتی روابط کو فروغ ملے گا، مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کی متعدد مفاہمتوں پر دستخط ہوئے ہیں ، پاک ایران باہمی تعلقات سے دونوں ملکوں کے عوام کو فائدہ ملے گا،وزیراعظم نواز شریف

پاکستان کی سلامتی ہماری اور ایران کی سلامتی پاکستان کی سلامتی ہے، گوادر اور چابہار بندرگاہوں کو باہمی رابطوں کیلئے استعمال کیا جا سکتا ہے،قدرتی وسائل کے شعبے میں تعاون اور عوامی و ثقافتی تعلقات کو فروغ دیا جائے گا، ایرانی صدر حسن روحانی کا مذاکرات کے بعد نوازشریف کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب

جمعہ 25 مارچ 2016 21:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 مارچ۔2016ء) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان باہمی تعاون کو توانائی سمیت تمام شعبوں میں فروغ دیا جائے گا، دونوں ممالک کے درمیان 2سرحدی کراسنگ پوائنٹ بنائے جائیں گے، اس سے عوامی اقتصادی و تجارتی روابط کو فروغ ملے گا، مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کی متعدد مفاہمتوں پر دستخط ہوئے ہیں ، پاک ایران باہمی تعلقات سے دونوں ملکوں کے عوام کو بھی فائدہ ملے گا جبکہ ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی ہماری سلامتی ہے اور ایران کی سلامتی پاکستان کی سلامتی ہے، اپنے دورہ پاکستان کے نتائج سے مطمئن ہوں،پاکستانی قیادت سے ملاقاتوں میں مختلف امور پر بات چیت ہوئی، گوادر اور چابہار بندرگاہوں کو باہمی رابطوں کیلئے استعمال کیا جا سکتا ہے،قدرتی وسائل کے شعبے میں تعاون اور عوامی و ثقافتی تعلقات کو فروغ دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

وہ جمعہ کو یہاں وزیراعظم ہاؤس میں وفود کی سطح پرہونے والے مذاکرات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔اس موقع پر وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار، وزیر پانی و بجلی و دفاع خواجہ محمد آصف،وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی وزیرمملکت سائرہ افضل تارڑ،وزیر تجارت خرم دستگیر،مشیر خارجہ سرتاج عزیز ، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور خارجہ طارق فاطمی اوردیگراعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

اس دوران وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ باہمی تعاون کو توانائی سمیت تمام شعبوں میں فروغ دیا جائے گا، پاکستان اور ایران کے درمیان دو سرحدی کراسنگ پوائنٹ بنائے جائیں گے، سرحدی رابطوں سے عوامی اقتصادی اور تجارتی روابط کو فروغ ملے گا، مختلف شعبوں میں تعاون کی متعدد مفاہمتوں پر دستخط ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یقین ہے کہ دوطرفہ تعلقات مضبوط سے مضبوط تر ہوتے جائیں گے، باہمی تعلقات سے دونوں ملکوں کی عوام کو بھی فائدہ ملے گا۔

پریس کانفرنس سے خطاب میں ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا کہ میں اپنے دوسرے کے نتائج سے بہت مطمئن ہوں، دونوں ملکوں کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات ہیں، پاکستانی قیادت کے ساتھ مختلف امور پر بات چیت ہوئی ہے، دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ حسن روحانی نے کہا کہ قدرتی وسائل کے شعبے میں تعاون کو مزید فروغ دیا جا سکتا ہے ، دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو بہت بڑھانے کی گنجائش موجود ہے، پاکستان ایران تعلقات کو مزید فروغ دینے کیلئے پر عزم ہے، گوادر اور چابہار بندرگاہوں کو باہمی رابطوں کیلئے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی ہماری سلامتی ہے اور ایران کی سلامتی پاکستان کی سلامتی ہے۔حسن روحانی نے کہا کہ دونوں ملکوں کی سرحدی محفوظ ہونے سے ہی باہمی فائدہ ہو سکتا ہے، دہشت گردی کے خلاف مل کر کوششیں کرنا ہیں، دہشت گردی کے خلاف دونوں ملک پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان عوامی اور ثقافتی تعلقات کو بھی فروغ دیا جائے گا ، مسلم امہ کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے بات چیت ہوئی ہے۔ایرانی صدر نے کہا کہ علاقائی سلامتی کے حوالے سے بھی دونوں ملکوں میں تبادلہ خیال ہوا ہے، دونوں ملکوں نے علاقائی مسائل کے حل پر اتفاق کیا ہے، یوم پاکستان پر حکومت اور عوام کو مبارکباد دیتا ہوں۔