این اے 267 کچھی کم جھل مگسی کے ضمنی الیکشن کیلئے حکومت نے دھاندلی کا منصوبہ بنایا ہے، سردار یار محمد رند

28مارچ کو کوئٹہ میں احتجاجی ریلی، وزیر اعلیٰ ہاوس گورنر ہاوس کے سامنے دھرنا دیا جائے گا، پارٹی رہنماؤں سے بات چیت

جمعہ 25 مارچ 2016 21:48

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 مارچ۔2016ء ) پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے چیف آرگنائزر اور حلقہ این اے 267کے امیدوار سردار یار محمد رند سے جمعہ کے روز ان کی رہائش گاہ پر پارٹی کے سنیئر ممبران نے ملاقات کی اور حلقہ این اے 267کچھی کم جھل مگسی کے ضمنی الیکشن کے بارے میں بات چیت کی اور 28مارچ کو کوئٹہ میں احتجاجی ریلی کے بارے میں صلاح مشورہ کیا ملاقات کرنے والوں میں چیف آرگنازئر کے مشیر محمد اسماعیل لہڑی، نواب زادہ شریف جوگیزئی، ملک ذکریا خان کاسی سمیت پارٹی کے دیگر عہدیداروں سے بات چیت کرتے ہوئے سردار یار محمد رند نے کہاکہ حلقہ این 267 کچھی کم جھل مگسی کے ضمنی الیکشن کیلئے حکومت نے دھاندلی کا منصوبہ بنایا ہے جس کے خلاف 28مارچ کو کوئٹہ میں احتجاجی ریلی منعقد کی جائے گی اور وزیر اعلیٰ ہاوس گورنر ہاوس کے سامنے دھرنا دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

۔انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی صاف ستھری اور جمہوری پسند پارٹی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہم کسی کو بھی دھاندلی کرنے نہیں دینگے فیصلہ عوام جو بھی کرے گی وہ ہمارے لئے قابل قبول ہوگا۔ الیکشن سے پہلے ہی مقامی انتظامیہ نے جھل مگسی میں تقرر و تبادلوں کا منصوبہ شروع کردیا ہے جو کسی صورت میں برداشت نہیں کرینگے فیصلہ عوام پر چھوڑ دیا جائے وہ جو فیصلہ کرینگے وہ قابل قبو ل ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ ہم نے حلقہ این اے 267 کچھی کم جھل مگسی کے ضمنی انتخابات میں دھاندلی سے متعلق اپنے تحفظات کے بارے میں صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان سید سلطان بازید کو بھی آگاہ کردیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہم ابھی بھی مطالبہ کر رہے ہیں کہ حلقہ این اے 267میں انتخابات والے دن فوج تعینات کی جائے تاکہ دھاندلی کا کوئی امکان نہ رہے اور انتخابات آزادانہ اور منصفانہ ہوں۔