وفاقی وزیر پرویزرشید کی میڈیا ٹاؤن کی توسیع اور نئے لوگوں کے ہاؤسنگ کے مسائل حل کرنے کی یقین دھانی

میڈیا ٹاؤن دیگر سوسائٹیوں کیلئے ایک مثال بن چکا ، ماضی میں پنجاب حکومت سے جانیوالوں نے شہباز شریف کو خزانہ خالی کرکے صرف منصوبوں کا قبرستا ن دیکر گئے ، سیاست کو تخلیقی لوگوں کی ضرورت ہے، سردار عتیق نے مسلم کانفرنس کو آمریت کے ہاتھ کی چھڑی اور جیب کی گھڑی بنایا ،جمہوری قوتوں کو آمریت کا آلہ کار نہیں بننا چاہیے ،آمریت کو صرف زوال اور جمہوریت کو عروج حاصل ہے، لوگ سیاست میں پلاٹوں پر قبضہ کرنے آتے ہیں ،مشتاق منہاس ایک ایماندر شخصیت ہے ،امید ہے سیاست کے میدان میں آنے کے بعد ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کلیدی کردار ادا کرینگے،وفاقی وزیراطلاعات ونشریات کاتقریب سے خطاب

جمعہ 25 مارچ 2016 20:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 مارچ۔2016ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے میڈیا ٹاؤن کی توسیع اور میڈیا کے نئے لوگوں کے ہاؤسنگ کے مسائل حل کرنے کی یقین دھانی کراتے ہوئے کہاکہ میڈیا ٹاؤن دیگر سوسائٹیوں کیلئے ایک مثال بن چکا ، ماضی میں پنجاب حکومت سے جانیوالوں نے شہباز شریف کو خزانہ خالی کرکے صرف منصوبوں کا قبرستا ن دیکر گئے ، سیاست کو تخلیقی لوگوں کی ضرورت ہے، سردار عتیق نے مسلم کانفرنس کو آمریت کے ہاتھ کی چھڑی اور جیب کی گھڑی بنایا ،جمہوری قوتوں کو آمریت کا آلہ کار نہیں بننا چاہیے ،آمریت کو صرف زوال اور جمہوریت کو عروج حاصل ہے، لوگ سیاست میں پلاٹوں پر قبضہ کرنے آتے ہیں لیکن مشتاق منہاس ایک ایماندر شخصیت ہے ،امید ہے کہ وہ سیاست کے میدان میں آنے کے بعد ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کلیدی کردار ادا کرینگے۔

(جاری ہے)

اس امر کا اظہار انہوں نے جمعہ کو میڈیا ٹاؤن ہاؤسنگ سوسائٹی کے سیکرٹری فاروق فیصل کی جانب سے نیشنل پریس کلب کے سابق صدر و نامور اینکر پرسن مشتاق منہاس کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں پی ایف یو جے کے سابق صدر افضل بٹ ، نیشنل پریس کلب کے سابق صدر طارق چوہدری ، سینئر صحافی سعود ساحر، رانا طاہرسمیت صحافیوں کی ایک بڑی تعداد بھی شریک تھی ۔

سینیٹر پرویز رشید نے کہاکہ مشتاق منہاس ، فاروق فیصل اور افضل بٹ سمیت دیگر ساتھیوں نے صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے بھر پور کوششیں کی ہیں اور ہر کام نیک نیتی اور لگن سے کیا جس کے باعث انہیں کامیابی حاصل ہوئی ، میڈیا ٹاؤن ہاؤسنگ سوسائٹی منصوبہ میں کئی بار انہیں ٹالا تھا لیکن مشتاق منہاس اور دیگر ساتھیوں کی لگن میں کمی نہیں آئی اورآج میڈیا ٹاؤن کا منصوبہ سب کے سامنے ہیں جو ملک کے کامیاب ترین ہاؤسنگ منصوبوں میں سے ایک ہے جو حکومت کی آمدن میں اضافہ بھی کر رہی ہے جس پر انتظامیہ مبارکباد کی مستحق ہے، وفاقی وزیر نے میڈیا ٹاؤن کی توسیع اور میڈیا کے نئے لوگوں کے ہاؤسنگ کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہاکہ جس طرح میڈیا ٹاؤن کو کامیاب ماڈل بنا کر ثابت کیا گیا ہے اس کے بعد وہ اپنی بھر پور کوشش کرینگے کہ وہ اس طرز کا ایک اورماڈل دلوانے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہاکہ ماضی میں پنجاب میں سابق وزیر اعلیٰ نے اتنے زیادہ پراجیکٹ شروع کئے کہ منصوبوں کا قبرستان بناکر وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو دیکر چلے گئے اور قومی خزانہ بھی خالی تھا۔ انہوں نے کہاکہ مشتاق منہاس کوچہ صحافت سے نکل کر بازار سیاست میں داخل ہو گئے ہیں۔ سیاست میں مشتاق منہاس جیسے باصلاحیت شخصیات کی ضرورت ہے۔ عوام نے اپنی محبت اور اعتماد کا وو ٹ دیکر نواز شریف کو ملک کا تیسری بار وزیراعظم بنایا اور امید ہے کہ عوام چوتھی بار بھی انہیں ہی وزیراعظم منتخب کرائیں گے۔

پرویز رشید نے کہاکہ سردار عتیق نے مسلم کانفرنس کو آمریت کے ہاتھ کی چھڑی اور جیب کی گھڑی بنایا۔ اقتدار کی کشمکش کے کھیل میں مسلم کانفرنس سے دوری رکھنا ضروری ہے تاکہ انہیں احساس ہو کہ جمہوری قوتوں کو آمریت کا آلہ کار نہیں بننا چاہیے جبکہ آمریت کو صرف زوال اور جمہوریت کو عروج حاصل ہے۔ سردار عتیق واحد شخصیت ہیں جنھوں نے اپنی ہی جماعت کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر کے خلاف سازش کی۔

وزیر اطلاعات نے مزید کہاکہ لوگ سیاست میں پلاٹوں پر قبضہ کرنے آتے ہیں لیکن مشتاق منہاس ایک ایماندر شخصیت ہے اور امید ہے کہ وہ سیاست کے میدان میں آنے کے بعد ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کلیدی کردار ادا کرینگے۔ مشتاق منہاس کو سیاست میں آنے کیلئے میں نے اکسایا کیونکہ مجھے تخلیقی لوگ اچھے لگتے ہیں۔ میڈیا ٹاؤ ن ہاؤسنگ سوسائٹی کے سیکرٹری فاروق فیصل نے سوسائٹی کی کارکردگی رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہاکہ میڈیا ٹاؤن واحد سوسائٹی ہے جو دیگر سوسائٹیز کے مقابلے میں پنجاب حکومت کی آمدن میں کروڑوں کا اضافہ کر رہی ہے۔

میڈیا ٹاؤن میں جلد تعلیمی ادارہ قائم ہو گا۔ انہوں نے وفاقی وزیر سے درخواست کی کہ میڈیا ٹاؤن ہاؤسنگ سوسائٹی کے ماڈل پر نئے آنیوالے ممبران اور میڈیا انڈسٹری کیلئے اسی طرز کا ماڈل دیں۔ اس حوالے سے میڈیا ٹاؤن سوسائٹی نے تمام اثاثے جات بھی بنا لئے ہیں اور وہ نئے منصوبہ کیلئے ضامن بننے کیلئے تیار ہیں اور اس حوالے سے جو اثاثے بنائے اسکی ضمانت دینے کو بھی تیار ہیں۔

فاروق فیصل نے اس امید کا اظہار کیا کہ جس طرح مشتاق منہاس نے صحافتی میدان میں کامیابیاں حاصل کی ، سیاست کے میدان میں بھی وہ اسی طرح کامیاب ہونگے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشتاق منہاس نے کہاکہ انہوں نے ہمیشہ خود کے لئے کچھ نہیں مانگا، مانگا تو صحافیوں اور اپنے کشمیریوں کے لئے مانگا۔ پرویز رشید نے ہمیشہ ہمارے سرپرست کا کردار ادا کیا جبکہ صحافیوں سے میرا عمر بھر کا رشتہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ میڈیا ٹاؤن کے لئے انڈر گراونڈ بجلی کی تنصیبات کے لئے 31 کروڑ روپے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے دئیے۔31 کروڑ روپے دینے کے بعد غصے میں اپنا قلم توڑ دیا تھا۔ جس سیاست میں اب آگیا ہوں یہ بہت سفاک سیاست ہے جبکہ وزیر اعظم نواز شریف کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا۔