پاکستان عظیم قربانیوں کے بعد وجود میں آیا،ملک کی تعمیروترقی ،استحکام کیلئے سب نے مل جل کر کام کرنا ہے ،لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض

بھٹکے لوگوں کیلئے پیغام ہے وہ سدھر جائیں، کوئی لندن میں تو کوئی جنیوا میں بیٹھ کر استعمال ہورہاہے ، عوام بیرونی سازشوں کو سمجھیں کیونکہ یہ وقت آپس میں لڑنے کا نہیں ہے، کمانڈر سدرن کمانڈ

جمعہ 25 مارچ 2016 20:14

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 مارچ۔2016ء ) کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے کہا ہے کہ پاکستان عظیم قربانیوں کے بعد وجود میں آیا، اس ملک کی تعمیروترقی اور استحکام کے لئے ہم سب نے مل جل کر کام کرنا ہے ، بھٹکے ہوئے لوگوں کے لئے پیغام ہے کہ وہ سدھر جائیں۔ گرفتار را کے ایجنٹ کے روابط بلوچ علیحدگی پسندوں سے تھے، کوئی لندن میں تو کوئی جینیوا میں بیٹھ کر استعمال ہورہاہے ، عوام بیرونی سازشوں کو سمجھیں کیونکہ یہ وقت آپس میں لڑنے کا نہیں ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ داخلہ وقبائلی امور کے زیراہتمام یوم شہداء کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر داخلہ میرسرفراز بگٹی،مشیراطلاعات سردار رضا محمد بڑیچ، انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور میجر جنرل شیرافگن، انسپکٹر جنرل پولیس احسن محبوب،صوبائی سیکرٹری داخلہ اکبر حسین درانی، ڈی جی لیویز ہاشم خان غلزئی اور دیگر ملٹری وسول حکام سمیت شہدا کے لواحقین بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمانڈر سدرن کمانڈ نے کہا کہ دشمن نہیں چاہتا کہ بلوچستان ترقی کرے یہاں کے لوگ دشمن کے بہکاوے میں نہ آئیں۔ دشمن کے ناپاک عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، اس سرزمین کی حفاطت کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ اس ملک کو بچانے کے لئے شہدا نے جو قربانیاں دی ہیں وہ رائیگاں نہیں جائیں گی۔ ہمیں شہداء کی قربانیوں پر فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب نے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے عوام کی جان ومال کی حفاظت کے لئے سول وسیکورٹی اداروں کے 60ہزار لوگوں نے جان کی قربانیاں دی ہیں۔ آج ہم ان کی قربانیوں کی بدولت امن وچین سے رہ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔ آپریشن ضرب عضب کے باعث بڑی کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔

انہوں نے شہداء کے لواحقین کو مخاطب ہوکر کہا کہ بلوچستان سے بھارتی خفیہ ایجنسی را کے حاضر سروس ایجنٹ کی گرفتاری ایک اہم پیشرفت ہے جس سے پتہ چلتا ہے کہ بھارت بلوچستان کے حالات کی خرابی میں ملوث ہے اور دہشت گردوں کے ساتھ رابطے میں ہے جو بلوچستان میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ قبل ازیں تقریب میں شہداء کے لئے دعا اور ان کے درجات کی بلندی کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ تقریب کے آخر میں، صوبائی وزیر داخلہ میرسرفراز بگٹی، مشیر اطلاعات سردار رضا محمد بڑیچ،کمانڈ سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض ،آئی جی ایف سی میجر جنرل شیرافگن، صوبائی سیکریٹری داخلہ اکبر حسین درانی، آئی جی پولیس احسن محبوب نے شہداء کے لواحقین میں اعزازی شیلڈ اور نقد انعامات تقسیم کئے۔

متعلقہ عنوان :