بلاول بھٹو زرداری نے اقلیتوں کے حوالے سے آواز بلند کرکے قائداعظم کے فلسفہ کی یاددہانی کرائی ہے،ڈاکٹرنفیسہ شاہ

جمعہ 25 مارچ 2016 20:03

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 مارچ۔2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کی انسانی حقوق سیل کی کوآرڈینیٹر اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اقلیتوں کے حوالے سے آواز بلند کرکے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے فلسفہ کی یاددہانی کرائی ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کو چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے اختلاف ہے انہیں یہ یاد تک نہیں کہ قائداعظم کے ساتھی کون تھے اور کس کس نے قائداعظم کا ساتھ دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے بانی قائدعوام ذوالفقار علی بھٹو نے اقلیتوں کو برابر کے حقوق دینے کی بنیاد رکھی۔ افسوس کہ آمرانہ ادوار میں اقلیتوں کے حقوق سلب کر دئیے گئے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ سب کا ایک پاکستان اس وقت بن سکتا ہے جب چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے نقطہ نظر پر عمل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ قوم کو کسی آمر کا پاکستان نہیں محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا پاکستان چاہیے جہاں ریاستی امور اور ہر شعبہ میں اقلیتوں کی بھرپور نمائندگی۔

انہوں نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے ہمیشہ اقلیتوں کے ساتھ ہونے والے غیرمنصفانہ سلوک کے خلاف آواز بلند کی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں ہولی کے تہوار پر عام تعطیل کرکے ثابت کر دیا ہے کہ سندھ سب کا ہے اور سندھ کا ہر باسی مساوی حقوق رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر جلد از جلد زبردستی مذہب تبدیل کرنے کے خلاف قانون سازی کی جائے گی تاکہ سندھ کے کسی بھی فرد کے ساتھ ناانصافی نہ ہو۔