نیب راولپنڈی نے سابق سرکل رجسٹرار کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیز اسلام آباد ملک دین کو گرفتار کر لیا

مبینہ ملزم نے ای الیون ون، ٹو اسلام آباد کے ایڈمنسٹریٹر کی حیثیت سے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا

جمعہ 25 مارچ 2016 19:06

اسلام آباد ۔ 25 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔25 مارچ۔2016ء) قومی احتساب بیورو (نیب) راولپنڈی نے اختیارات کے ناجائز استعمال پر سابق سرکل رجسٹرار کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیز (کوآپریٹو ڈیپارٹمنٹ آئی سی ٹی) اسلام آباد ملک دین کو گرفتار کر لیا ہے۔ مبینہ ملزم ملک دین نے فیڈریشن آف ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی ای الیون ون، ای الیون ٹو اسلام آباد کے ایڈمنسٹریٹر کی حیثیت سے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا۔

(جاری ہے)

ہاؤسنگ سکیم کے قبرستان کی اراضی اور سکول پلاٹ ذاتی مفادات اور کمرشل مقاصد کیلئے غیر قانونی طریقہ سے فروخت کئے۔ مبینہ ملزم نے آئی ایٹ اور پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیم سمیت اسلام آباد کے پوش سیکٹروں میں کروڑوں روپے مالیت کے اثاثے بنائے۔ ملزم کی رہائش گاہ سیکٹر آئی ایٹ تھری اسلام آباد میں تلاشی کیلئے چھاپہ مارا گیا تو ملزم کے گھر سے اس کی پلاٹوں کی ملکیت سے متعلق دستاویزات، دیگر سرکاری ریکارڈ، بھاری رقم، چار کلاشنکوفیں، میگزین اور شراب کی بوتلیں برآمد ہوئیں۔ مزید تفتیش جاری ہے۔ مذکورہ ملزم کو جسمانی ریمانڈ کیلئے احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :