پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمودالرشید کابھارتی سفیر کو ملک بدر کرنے کا مطالبہ

قراد داد پنجاب اسمبلی میں جمع کرادی

جمعہ 25 مارچ 2016 18:49

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 مارچ۔2016ء ) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید نے بھارتی سفیر کو ملک بدر کرنے کا مطالبہ کر دیا، اس سلسلے میں انہوں نے گزشتہ روز ایک قراد داد پنجاب اسمبلی میں جمع کرائی ہے، قرارداد میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان سے را کے افسر کلبھوشن یادو کی گرفتاری اور اس کے ملک توڑنے کے اعتراف کے بعد یہ بات ثابت ہو گئی ہے کہ بھارت پاکستان کیخلاف گھناؤنی سازش کر رہا ہے، لہذا یہ ایوان وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتا ہے فوری طور پر بھارتی سفیر کو ملک بدر کیا جائے،حکومت اس معاملے کو عالمی سطح پر اٹھائے اور اس پر ایوان میں بحث کرائے۔

(جاری ہے)

پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن چیمبر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ بھارت طویل عرصے سے بلوچستان اور کراچی میں امن وامان خراب کرنے میں ملوث ہے اور ملک کو غیر مستخکم کرنا چا ہتا ہے۔ یہ بات اب کھل کر ثبوت کے ساتھ سامنے آئی ہے اور اگر پھر بھی نواز حکومت ہمسایہ ملک کے لئے نرم گوشہ رکھے تو یہ پاکستان اور قوم سے غداری ہو گی۔میاں محمودالرشید کا کہنا تھا کہ بات اب بھارتی سفیر کو دفتر خارجہ طلب کرکے احتجاج کرنے سے آگے نکل چکی ہے فوری طور پر بھارتی سفیر کو ملک بدر کرتے ہوئے حکومت اس معاملے کو سفارتی سطح پر اٹھائے۔