اماراتی ولی عہد کی صدر روسی صدراورجان کیری سے ملاقاتین

ملاقاتوں میں علاقائی اور عالمی امور سمیت باہمی دلچسپی کے موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا

جمعہ 25 مارچ 2016 18:46

ماسکو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 مارچ۔2016ء)متحدہ عرب امارات کے ولی عہد اور مسلح افواج کے ڈپٹی کمانڈر ان چیف نے ماسکو میں روسی صدر ولادی میر پوتن اور روسی دورے پر آئے امریکی وزیر خارجہ جان کیری سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں علاقائی اور عالمی امور سمیت باہمی دلچسپی کے موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔عرب ٹی وی کے مطابق اماراتی ولی عہد الشیخ محمد بن زاید آل نھیان نے روسی صدر ولادی میر پوتن سے ملاقات کی۔

ملاقات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت دیگر عالمی اور علاقائی مسائل پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ بعد ازاں انہوں نے ماسکو دورے پر آئے امریکی وزیر خارجہ جان کیری سے بھی ملاقات کی۔امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق جان کیری اور الشیخ محمد بن زاید کے درمیان ہونے والی بات چیت میں متحدہ عرب امارات اورامریکا کے درمیان تعاون کو فروغ دینے اور ایک دوسرے کے مفادات کے تحفظ کے لیے کام کرنے پراتفاق کیا گیا۔

(جاری ہے)

جان کیری سے ملاقات کے وقت متحدہ عرب امارات کے قومی سلامتی کے مشیر الشیخ طحنون بن زاید آل نھیان، وزیرخارجہ الشیخ عبداﷲ بن زاید آل نھیان اور دیگر بھی موجود تھے۔ بات چیت میں شام کے بحران اور اس کے حل کے لیے ہونے والی عالمی مساعی کا بھی جائزہ لیا گیا۔دونوں رہ نماؤں میں ہونے والی ملاقات میں دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ جاری رکھنے اور عرب خطے سمیت پوری دنیا میں امن امان کے قیام کے لیے جدو جہد جاری رکھنے سے بھی اتفاق کیا گیا۔