ایوان صدر میں تقریب کاانعقاد، صدر مملکت نے ترک فضائیہ کے کمانڈر جنرل عابدین اونل کو نشان امتیاز (ملٹری) عطاء کیا

پاکستان، ترکی کو خطے ، دنیا میں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے مشترکہ کوششیں کرنی چاہئیں، برسلز دھماکے قابل مذمت، دہشت گردی کی کارروائیاں انسانیت کیخلاف ہیں، ممنون حسین کا تقریب سے خطاب

جمعہ 25 مارچ 2016 18:33

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 مارچ۔2016ء) صدر مملکت ممنون حسین نے ترکی فضائیہ کے کمانڈر جنرل عابدین اونل کو نشان امتیاز (ملٹری) عطا کیا، اس سلسلے میں ایوان صدر میں پر وقار تقریب منعقد کی گئی ہے۔صدر مملکت کی جانب سے جنرل عابدین اونل کو نشان امتیاز (ملٹری) کا اعزاز اْن کی دونوں ملکوں کی فضائیہ کے درمیان تزویراتی تعلقات کو فروغ دینے میں گراں قدر خدمات کے اعزاز میں دیا گیا۔

اس موقع پر سہیل امان، چیف آف ایئرسٹاف، ترکی کے سفیر برائے پاکستان، سیکریٹری دفاع اور اعلیٰ سول اور فوجی حکام نے شرکت کی۔تقریب کے اختتام پر صدر مملکت سے جنرل عابدین اونل نے ملاقات بھی کی۔ صدر ممنون حسین نے جنرل عابدین ۱ونل کو نشان امتیاز سے نوازے جانے پر مبارک باد دی اور ان کی خدمات کو سراہا۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کو خطے اور دنیا میں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے مشترکہ کوششیں کرنی چاہئیں، صدر نے برسلز دھماکوں کی بھی شدید مذمت کی اور کہا کہ دہشت گردی کی کارروائیاں انسانیت کے خلاف ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے عوام کے مابین مضبوط برادرانہ تعلقات ہیں جس کی بنیاد مذہب، ثقافت اور تاریخ ہے۔ صدر مملکت نے افغانستان میں امن و استحکام کے لیے ترکی کے تعمیری کردار کی تعریف کی۔جنرل عابدین ا ونل نے صدر مملکت اور حکومت پاکستان کا نشان امتیاز (ملٹری) سے نوازے جانے پر شکریہ ادا کیااور اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقان مستقبل میں مزید بلندیوں کو چھوئیں گے۔