اسلام آباد ہائی کورٹ انتظامیہ کی ناقص سکیورٹی سے متعلق اخبارات میں شائع ہونے والی خبروں کی تردید

تمام کیمرے مکمل طور پر فعال ہیں‘ سکیورٹی ادارے اپنے فرائض بخوبی ادا کررہے ہیں‘ وضاحت

جمعہ 25 مارچ 2016 18:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 مارچ۔2016ء) اسلام آباد ہائی کورٹ کی انتظامیہ نے ہائی کورٹ کی عمارت کی ناقص سکیورٹی سے متعلق اخبارات میں شائع ہونے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہائی کورٹ میں نصب تمام کیمرے مکمل طور پر فعال ہیں‘ عدالت عالیہ کے باہر تعینات تمام سکیورٹی اداروں بشمول فرنٹیئر کانسٹیبلری اور رینجرز کے جوان اپنے فرائض بخوبی ادا کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں ناقص سکیورٹی انتظامات سے متعلق وکلاء کے تحفظات کے بارے کچھ اخبارات میں خبر شائع ہوئی تھی جس کی جمعہ کو اسلام آباد ہائی کورٹ کی انتظامیہ کی طرف سے تردید کرتے ہوئے اسے حقائق کے برعکس قرار دیا گیا ۔ انتظامیہ کی طرف سے بیان میں کہا گیا کہ ہائی کورٹ کی انتظامیہ متعلقہ سکیورٹی اداروں کی معاونت سے اس سلسلے میں تمام ممکنہ اقدامات کررہی ہے۔ ہائی کورٹ میں نصب تمام کیمرے مکمل طور پر فعال ہیں جبکہ تمام سکیورٹی اداروں بشمول فرنٹیئر کانسٹیبلری اور رینجرز کے متعدد دستے اپنے فرائض تندہی سے انجام دے رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :