مسلم لیگ( ن) عام انتخابات میں مسلم کانفرنس کے ساتھ اتحاد نہیں کریگی ، سردار عتیق نے مسلم کانفرنس کو مشرف دور میں آمر کی چھڑی اور جیب کی گھڑی بنایا، سردار عتیق کے ساتھ کسی کو سیاست کرنے کا مشورہ نہیں دوں گا،وزیر اعلیٰ پنجاب نے حکومت سنبھالی تو حد سے زیادہ ادائیگیوں کا سامنا کرنا پڑا، جانے والے ان کو منصوبوں کا قبرستان دے کر گئے تھے، جمہوری حکومتوں کو آمریت کا حصہ نہیں بننا چاہیے ،مشتاق منہاس کی3 ہفتے قبل مسلم لیگ(ن)میں آمد ہوئی ، آج صحافت سے رخصتی ہورہی ہے

وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشیدکا صحافیوں کی طرف سے مشتاق منہاس کے اعزاز میں دی گئی الوداعی تقریب سے خطاب خود کیلئے کچھ نہیں مانگا‘ہمیشہ صحافیوں اور کشمیری عوام کیلئے مانگا‘قائد کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا، مشتاق منہاس

جمعہ 25 مارچ 2016 18:05

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 مارچ۔2016ء ) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشید نے آزاد کشمیر کے آمدہ انتخابات میں مسلم لیگ( ن) اور مسلم کانفرنس کے درمیان انتخابی اتحاد کی قیاس آرائیوں کا باب بند کرتے ہوئے کہا ہے کہ سردار عتیق نے قائد اعظم کے حکم پر کشمیر میں بننے والی مسلم کانفرنس کو مشرف دور میں آمر کی چھڑی اوراسکی جیب کی گھڑی بنایا، سردار عتیق کے ساتھ کسی کو سیاست کرنے کا مشورہ نہیں دوں گا،کشمیر کے انتخابات میں مسلم لیگ(ن) مسلم کانفرنس کے ساتھ الحاق نہیں کرے گی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف جب اقتدار میں آئے تو انہیں حد سے زیادہ ادائیگیوں کا سامنا کرنا پڑا،جانے والے وزیر اعلی ٰ پنجاب شہباز شریف کو منصوبوں کا قبرستان دے کر گئے تھے، تین ہفتے قبل مشتاق منہاس کی مسلم لیگ(ن)میں آمد ہوئی اور آج صحافت سے رخصتی ہورہی ہے۔

(جاری ہے)

وہ جمعہ کو یہاں میڈیا ٹاوٗن میں صحافیوں کی طرف سے پریس کلب کے سابق صدر مشتاق منہاس کے اعزاز میں الوداعی تقریب سے خطاب کر رہے تھے،اس موقع پر مشتاق منہاس،فاروق فیصل ودیگر نے بھی خطاب کیا۔

انہوں نے کہا کہ تین ہفتے قبل مشتاق منہاس کی مسلم لیگ(ن)میں آمد ہوئی اور آج صحافت سے رخصتی ہورہی ہے۔مشتاق منہاس سے خوشگوار یادیں وابستہ ہیں۔میڈیا سے معاملات کیلئے لاہور آتے تھے میری بیگم انکے پروگرام بہت شوق سے دیکھتی تھی۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف جب اقتدار میں آئے تو انہیں حد سے زیادہ ادائیگیوں کا سامنا کرنا پڑا،جانے والے شہباز شریف کو منصوبوں کا قبرستان دے کر گئے تھے،جس کی وجہ سے میڈیا ٹاؤن کیلئے فنڈز نکالنا مشکل ہوجاتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے کہا کہ مشتاق منہاس اور انکے ساتھی بہت محنتی ہیں۔مشتاق منہاس اور ان کی ٹیم کی محنت کا صلہ تھا کہ آج میڈیا ٹاؤن آج دیگر سوسائیٹیوں کیلئے مثال بن چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ مشتاق منہاس کو سیاست میں آنے کیلئے میں نے اکسایا تھا،مجھے تخلیقی لوگ اچھے لگتے ہیں اور سیاست کو ایسے لوگوں کی ضرورت ہے،سیاست میں بہت پیار ملتا ہے ا سلئے نواز شریف تیسری بار وزیراعظم بنے۔

انہوں نے کہاکہ سردار عتیق کے ساتھ کسی کو سیاست کرنے کا مشورہ نہیں دوں گا۔مسلم کانفرنس قائداعظم کہنے پر بنی تھی جسے سردار عتیق نے آمریت کی چھڑی اور جیب کی گھڑی بنایا۔آمریت کو زوال اور جمہوریت کو ہمیشہ رہنا ہے۔اسلئے جمہوری حکومتوں کو آمریت کا حصہ نہیں بننا چاہیے،کشمیر کے انتخابات میں مسلم لیگ(ن) مسلم کانفرنس کے ساتھ الحاق نہیں کرے گی۔

قبل ازیں تقریب سے خطاب کر تے ہوئے مشتاق منہاس نے کہا کہ ہمیشہ خود کے لئے کچھ نہیں مانگا ،مانگا تو صحافیوں اور اپنے کشمیریوں کے لئے مانگا، انہوں نے کہا کہ پرویز رشید نے ہمیشہ ہمارے سرپرست کا کردار ادا کیا ، صحافیوں سے میرا عمر بھر کا رشتہ ہے، نیشنل پریس کلب کا چودہ بار بلا مقابلہ انتخاب جیتا، میڈیا ٹاون کے لئے انڈر گراونڈ بجلی کی تنصیبات کے لئے 31 کروڑ روپے وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے دئیے، شہباز شریف نے 31 کروڑ روپے دینے کے بعد غصے میں اپنا قلم توڑ دیا تھا، جس سیاست میں اب آگیا ہوں یہ بہت سفاک سیاست ہے،اپنے قائد نواز شریف کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا۔