پاکستانی نوجوانوں بہت ذہین اور بھرپور صلاحیت کے حامل ہیں ،گورنر سندھ

نوجوان ملکی مسائل سے بخوبی واقف ہیں اور ساتھ ان کو مثبت کام کر نے کاجذبہ بھی ہے،عشرت العباد کا تقریب سے خطاب

جمعہ 25 مارچ 2016 17:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 مارچ۔2016ء) پاکستانی نوجوانوں بہت ذہین اور بھرپور صلاحیت کے حامل ہے، یہ نوجوان ملکی مسائل سے باخوبی واقف ہیں اور ساتھ ساتھ ان کو مثبت کام کر نے کاجذبہ بھی ہے۔ پاکستان کی ساٹھ فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے جن کے ہاتھ میں پاکستان کا مستقبل ہے لہذا ملکی مسائل کو حل کرنے کیلئے نوجوانوں کو مختلف پلیٹ فارم مہیا کرنے کی اشد ضرورت ہے تاکہ ملکی مسائل میں کمی آسکے،ان خیالات کا اظہار گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے بحریہ آڈیٹوریم کراچی میں دوروزہ گورنر ڈائس یوتھ نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر گورنر ڈائس یوتھ کے چیئرمین ڈاکٹر خورشیدقریشی، چیئرپرسن ڈائس پاکستان کی پروفیسر ڈاکٹر رعناقمرمسعود ، چیئرپرسن ڈائس امریکہ ثریّاراشد سمیت اسٹیئرنگ کمیٹی کے اراکین، مختلف اسکولوں اور کالجوں کے پرنسپل اور طلباء و طالبات بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عشرت العباد خان نے مزید کہاکہ گورنمنٹ لیول پر کوششیں کی جارہی ہیں لیکن چونکہ آبادی کا تناسب بہت زیادہ ہے دوسرا خواندگی کی شرح بہت کم ہے لہٰذا مسائل جسطرح حل ہونے چاہئیں وہ نہیں ہورہے ہیں اور ایک گھمبیرصورتحال اختیار کرگئی ہے۔

اس مو قع پر انہوں نے بزنس کمیونٹی کے لوگوں سے گذارش کی کہ وہ ڈائس یوتھ کی کاوشوں کو پایۂ تکمیل تک پہنچانے کے لئے انکی مدد کریں اور انکے اس اقدام سے ناصرف مسائل کے حل میں مدد ملے گی بلکہ نوجوانوں کی بھی حوصلہ افزائی ہوگی ۔پروفیسر ڈاکٹر رعنا قمر مسعود نے بتایا کہ امریکہ میں مقیم پاکستانی، پاکستان کے نوجوانوں کے ساتھ مل کر پاکستا ن میں سماجی مسائل کا حل نئی جدت سے پاکستان کے مختلف مسائل کے حل کیلئے کام کرنے کے خواہشمند ہیں۔

اس سلسلے میں ہم نے اس نمائش کا انعقاد کیا ہے جس کے ذریعے مسائل کے ممکنہ حل کے بارے میں نوجوانوں سے تجاویز حاصل کریں۔دوروزہ نمائش میں مختلف کراچی، حیدراآباد، بدین اور بلوچستان کے اسکولوں اور کالجوں کے طلباء و طالبات نے سماجی مسائل کے حل کیلئے مختلف پروجیکٹ پیش کیے۔ بلوچستان اسکول کے بہترین پروجیکٹ پر پہلا نمبر حاصل کیا۔

متعلقہ عنوان :