پاکستان کوملک میں بھارتی خفیہ ادارے ’’را‘‘ کی سرگرمیوں کا معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھانا چاہیے

جمعہ 25 مارچ 2016 17:30

اسلام آباد ۔ 25 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔25 مارچ۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ (ضیاء) کے سربراہ و رکن قومی اسمبلی اعجاز الحق نے کہا ہے کہ ملک میں بھارتی خفیہ ادارے ’’را‘‘ کی سرگرمیوں کی روک تھام کے لئے پاکستان کو چاہئے کہ وہ اس معاملہ کو اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم پر اٹھائے۔ جمعہ کو یہاں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان سے بھارتی جاسوسوں کی گرفتاری کا معاملہ کوئی نئی چیز نہیں ہے اور وہ 2006ء سے اس مسئلہ پر آواز اٹھاتے آ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت فاٹا اور ملک کے دیگر علاقوں میں دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث رہا ہے اور بھارت نے افغانستان میں 14 قونصل خانے قائم کر رکھے ہیں جو پاکستان کے خلاف استعمال کئے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایرانی صدر کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے مابین اقتصادی اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایران سے بین الاقوامی پابندیوں کا خاتمہ ایک اچھا شگون ہے۔

دونوں ممالک کو چاہئے کہ وہ اب گیس پائپ لائن منصوبے اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے کام کریں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ورلڈ ٹی 20 میچز میں قومی کرکٹ ٹیم کی بری کارکردگی کی وجہ ٹیم میں اقرباء پروری اور سیاست ہے جو پوری قوم کے لئے شرم کا باعث بنی ہے۔ دریں اثناء ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی آصف حسنین نے کہا کہ پاکستان کی حکومت کو چاہئے کہ وہ پاکستان میں ’’را‘‘ کے ملوث ہونے کا معاملہ عالمی سطح پر اٹھائے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایرانی صدر کے دورہ پاکستان سے علاقائی تجارت اور معیشت کی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔