ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد تیز کرنے کی غرض سے محکمہ پی اینڈ ڈی اور 6یونیورسٹیوں کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط

صوبہ کی 6 بڑی یونیورسٹیوں کے وائس چانسلروں اور محکمہ پی اینڈ ڈی کے صوبائی سیکرٹری افتخار علی سہو نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے

جمعہ 25 مارچ 2016 17:11

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 مارچ۔2016ء) حکومت پنجاب کے محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ لاہور کے زیر اہتمام صوبہ پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد تیز کرنے کی غرض سے مفاہمتی یادداشت کی تقریب گزشتہ روز محکمہ پی اینڈ ڈی میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں صوبہ کی 6 بڑی یونیورسٹیوں کے وائس چانسلروں اور محکمہ پی اینڈ ڈی کے صوبائی سیکرٹری افتخار علی سہو کے مابین باہمی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔

تقریب کا مقصد ترقیاتی منصوبوں کی تیاری کے دوران تکنیکی رائے اور اس پر عملدرآمد کے سلسلہ میں پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں سے تکنیکی و مہارتی سہولت، ماہرین، ریسرچرز اور اساتذہ کی خدمات حاصل کرنا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی سیکرٹری پی اینڈ ڈی افتخار علی سہو نے کہا کہ بلا شبہ جامع پالیسی کی تشکیل بشمول جدید تحقیق کی وجہ سے پائیدار ترقی کو ممکن بنایا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

تعلیمی اداروں کے ماہرین کی شراکت کے باعث ترقیاتی منصوبوں کی تیاری اور اس پر موثر عملدرآمد سے متعلقہ مثبت رائے لینا قومی مفاد میں ہے۔ اس مذکورہ باہمی مفاہمتی یادداشت کے ذریعے سے ریسرچ کے ساتھ ساتھ عملی طور پر پالیسی سازوں اور تعلیمی اداروں کے درمیان فاصلے کو کم کیا جائے گا۔علم پر مبنی معیشت کو فرو غ دینا اور ممکنہ پالیسی سازی کی بجائے شواہد پر مبنی پالیسی سازی کو فروغ و ترجیح دینا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر موثر عملدرآمد اور اس کو بروقت مکمل کرنا ہے۔ تقریب مفاہمتی یادداشت سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن پی اینڈ ڈی ڈاکٹر سجاد مبین نے پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کے تمام وائس چانسلر صاحبان کو محکمہ پی اینڈ ڈی میں منعقدہ تقریب میں خوش آمدید کہتے ہوئے بتایا کہ اس باہمی مفاہمتی یادداشت کی تقریب کی بدولت سے وزیر اعلیٰ پنجاب کے ترقیاتی ویژن کو آگے بڑھاتے ہوئے صوبے میں ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے موثر عملدرآمد میں بڑی مدد ملے گی۔

پروفیسر ڈاکٹر مجاہد کامران ، وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی لاہور نے اپنے خطاب میں بتایا کہ حکومت پنجاب کا یہ اقدام بڑی اہمیت کا حامل ہے اور اس مثبت اقدام کی وجہ سے تعلیمی اداروں اور حکومتی اداروں کے درمیان فاصلے کو بالکل ختم کر کے فلاحی منصوبوں کو بہتر انداز میں مکمل کیا جا سکے گا۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر فضل احمد خالد وائس چانسلر انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی یونیورسٹی لاہور نے کہا کہ تعلیمی ادارے پہلے سے ہی مختلف امور پر وفاقی حکومت کے شانہ بشانہ کام کر رہے ہیں لیکن حکومت پنجاب کا یہ مثبت اقدام ابتدائی سطح پر حکومت کی منصوبہ سازی کے دوران تحقیقی تعلیمی اداروں کی شراکت کو یقینی بنانا انتہائی اہم اور قابل ستائش ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا ، وائس چانسلر یونیورسٹی ویٹنری اینڈ انیمل سائنسزنے کہا کہ تعلیمی اداروں کی شراکت سے طالبعلموں کو حکومتی سرگرمیوں اور ترقیاتی عمل سے متعلقہ بنیادی علمی معلومات حاصل ہونگی۔ تقریب سے وائس چانسلر ایگریکلچر یونیورسٹی فیصل آباد ڈاکٹر اقرار احمد خان ، ڈاکٹر ثاقب ہیلتھ سائنسز یونیورسٹی اور ڈاکٹر حسن عامر شاہ وائس چانسلر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور نے بھی خطاب کیا۔تقریب کے دوران 6پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں اور حکومت پنجاب کی جانب سے محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ لاہور کے درمیان وزیر اعلیٰ پنجاب کے ترقیاتی ویژن کو آگے بڑھاتے ہوئے باہمی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔