نیئر حسین بخاری کی بلاول بھٹو زرداری کے عمر کوٹ سندھ میں ہولی تقریب میں شرکت کی تعریف

جمعہ 25 مارچ 2016 16:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 مارچ۔2016ء) سابق چیئرمین سینیٹ سید نیئر حسین بخاری نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے عمر کوٹ سندھ میں ہولی تقریب میں شرکت کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی پارلیمانی قیادت بھی اقلیتوں کے مذہبی تہواروں میں شریک ہو کر پاکستانیت کو اجاگر کرنے میں کردار ادا کرے۔ تمام سیاسی، پارلیمانی و مذہبی جماعتوں میں اقلیتی ونگز اور پارلیمنٹ میں بھی نمائندگان موجود ہیں اور آئین پاکستان تمام شہریوں کے بنیادی حقوق کا محافظ اور ضامن ہے۔

جمعہ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ قائداعظم کی قیادت میں اقلیتوں نے مسلمانوں کے شانہ بشانہ تحریک پاکستان میں بھرپور حصہ لیا۔ تعمیر پاکستان میں اقلیتوں کا کردار مثالی اور صحت، تعلیم، کاروبار، زراعت و صنعت کے شعبوں میں خدمات قابل قدر ہیں۔

(جاری ہے)

سید نیئر حسین بخاری نے مزید کہا کہ آج بھی حفاظت پاکستان کیلئے اقلیتی اہلکار افواج پاکستان کے پلیٹ فارم سے قربانیاں دے رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوامی اتحاد اور استحکام پاکستان کی خاطر تمام پارلیمانی سیاسی و مذہبی جماعتیں تمام مذہبی تہوار مشترکہ پلیٹ فارم سے منانے کا فیصلہ کریں تاکہ نفرتوں، عداوتوں، دشمنیوں کو اخوت، بھائی چارہ اور دوستی میں تبدیل کر کے پاکستان کو ہمیشہ کیلئے امن کا گہوارہ اور پاکستانیوں کا پاکستان بنایا جا سکے۔