بھارتی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کرکے ”را“ ایجنٹ کی پاکستان میں موجودگی بارے وضاحت طلب کی ہے‘ بھارتی ہائی کمشنر سے پوچھا گیا ہے کہ ”را“ کا حاضر سروس افسر پاکستان میں کیا کررہا ہے‘ افسر کی پاکستان میں غیر قانونی داخلے پر سخت تشویش ہے

ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا کا بیان

جمعہ 25 مارچ 2016 16:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 مارچ۔2016ء) ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا نے کہا ہے کہ بھارتی ہائی کمشنر گوتم بمبا والے کو دفتر خارجہ طلب کرکے را کے ایجنٹ کی پاکستان میں موجودگی کے حوالے سے وضاحت طلب کی گئی ہے‘ بھارتی ہائی کمشنر سے پوچھا گیا ہے کہ را کا حاضر سروس افسر پاکستان میں کیا کررہا ہے‘ را کے افسر کی پاکستان میں غیر قانونی داخلے پر سخت تشویش ہے۔

جمعہ کو ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے بھارتی ہائی کمشنر گوتم بمبا والے کو دفتر خارجہ طلب کرکے را کے ایجنٹ کی گرفتاری کے حوالے سے وضاحت طلب کی ہے۔ بھارتی ہائی کمشنر سے پوچھا گیا ہے کہ را کا حاضر سروس افسر پاکستان میں کیا کررہا ہے۔

(جاری ہے)

نفیس ذکریا نے کہا کہ را کا افسر کراچی اور بلوچستان میں غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہے۔

بھارت سے کہا گیا ہے کہ وہ اس سارے معاملے پر وضاحت دے۔ را کے حاضر سروس افسر کو مکران ڈویژن سے گرفتار کیا گیا ہے۔ پاکستان کو را کے افسر کی پاکستان میں غیر قانونی داخلے پر سخت تشویش ہے۔ ہائی کمشنر گوتم بمبا والے سے کل بھوشن یادیو کے پاکستان میں غیر قانونی داخلے کا معاملہ اٹھایا گیا۔ بھارتی ایجنٹ بلوچستان اور کراچی میں تخریبی کارروائیوں میں ملوث ہے۔