مسلم لیگ (ن)کے رانا محمد قاسم نون نے قومی اسمبلی کی رکنیت کا حلف اٹھا لیا

جنوبی پنجاب محرومیوں کی سرزمین ہے‘ محرومیاں دور کرنے سے ہی پاکستان آگے جائیگا ‘ رانا قاسم نون

جمعہ 25 مارچ 2016 15:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 مارچ۔2016ء) حلقہ این اے 153 سے ضمنی انتخاب میں کامیاب ہونے والے مسلم لیگ (ن)کے رانا محمد قاسم نون نے قومی اسمبلی کی رکنیت کا حلف اٹھا لیا۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران جلال پور پیروالہ ملتان سے ضمنی انتخاب میں کامیاب ہونے والے رکن رانا محمد قاسم نون نے رکنیت کا حلف اٹھایا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی نے ان سے حلف لیاوہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 153 سے مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر کامیاب ہوئے ہیں ‘اس موقع پر تمام اراکین نے ڈیسک بجا کر ان کا خیر مقدم کیا ‘بعد ازاں انہوں نے رول آف ممبرز پر دستخط کئے ‘ ڈپٹی سپیکر نے مبارکباد دی۔نومنتخب رکن قومی اسمبلی محمد قاسم نون نے اپنے پہلے خطاب میں کہا کہ وہ اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ ان کے حلقہ کے عوام نے ان پر اعتماد کا اظہار کیا انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب محرومیوں کی سرزمین ہے‘ محرومیاں دور کرنے سے ہی پاکستان آگے جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وہ اپنے علاقے کے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے بھرپور کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ وزیراعظم محمد نواز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور ہم ان کے اعتماد کو کبھی ٹھیس نہیں پہنچائیں گے۔