مشترکہ مفادات کونسل کااجلاس ‘ مردم شماری کا عمل ایک بار پھر موخر کر نے کا فیصلہ

جمعہ 25 مارچ 2016 14:58

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 مارچ۔2016ء) مشترکہ مفادات کونسل نے مردم شماری کا عمل ایک بار پھر موخر کر نے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ نئی تاریخ کیلئے پاکستان شماریات بیورو کو صوبائی حکومتوں اور مسلح افواج سے مشاورت کر نے کی ہدایت کی گئی ہے ۔مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس جمعہ کو وزیراعظم محمد نواز شریف کی زیر صدارت وزیراعظم آفس میں منعقد ہوا، اجلاس کے دوران مردم شماری 2016ء کا معاملہ تفصیل سے زیر غور لایا گیا۔

پاکستان شماریات بیورو کے سیکرٹری نے اجلاس کو بتایا کہ مشترکہ مفادات کونسل کے گزشتہ اجلاس میں کئے گئے فیصلے کے مطابق صوبائی حکومتوں اور مسلح افواج کیساتھ متعدد اجلاس منعقد کئے گئے چونکہ مستقبل کی منصوبہ بندی کیلئے مردم شماری آپریشن کی شفافیت انتہائی اہمیت کی حامل ہے اور اس مقصد کیلئے تقریبا تین لاکھ فوجیوں کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایا گیا کہ مسلح افواج کی شوال آپریشن اور ضرب عضب میں مصروفیات کے باعث مطلوبہ تعداد میں فوجیوں کی دستیابی اس وقت ممکن نہیں ، مرحلہ وار مردم شماری کے آپشن کو بھی اجلاس کے دوران زیر غور لایا گیا تاہم اجلاس کو پاکستان شماریات بیورو کی جانب سے آگاہ کیا گیا کہ مرحلہ وار مردم شماری میں مختلف خامیاں پائی جاتی ہیں اور یہ بین الاقوامی سطح پر بھی زیادہ موزوں طریقہ نہیں سمجھا جاتا اجلاس کے دوران متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ مردم شماری کا عمل موخر رکھا جائے اور اس حوالے سے نئی تاریخ صوبائی حکومتوں اور مسلح افواج کی مشاورت سے طے کی جائے۔

متعلقہ عنوان :