سپریم کورٹ نے سی ڈی اے ملازمین کی تقرریوں اور ترقیوں کے کیس میں سیکرٹری کیڈ ‘ چیئرمین سی ڈی اے اور اٹارنی جنرل کو نوٹسز جاری کردئیے جواب طلب

من مانیاں کرنے والوں کو فارغ کریں اگر آپ نہیں کریں گے تو ہم کریں گے‘جسٹس امیر ہانی مسلم کے ریمارکس

جمعہ 25 مارچ 2016 14:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 مارچ۔2016ء) سپریم کورٹ نے سی ڈی اے ملازمین کی تقرریوں اور ترقیوں سے متعلق کیس میں سیکرٹری کیڈ ‘ چیئرمین سی ڈی اے اور اٹارنی جنرل کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا‘ جسٹس امیر ہانی مسلم نے ریمارکس دیئے کہ من مانیاں کرنے والوں کو فارغ کریں اگر آپ نہیں کریں گے تو ہم کریں گے۔ جمعہ کو سپریم کورٹ میں سی ڈی اے ملازمین کی تقرریوں اور ترقیوں سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران جسٹس امیر ہانی مسلم نے ریمارکس دیئے کہ سی ڈی اے قوانین پر عمل کیوں نہیں کرتا تقرریوں اور ترقیوں کے معاملات پر سی ڈی اے خود حل کرے گا یا ہم کریں گے؟ باہر سے ڈیبوٹیشن پر لوگ آکر بیٹھ جاتے ہیں انہیں بڑے عہدوں پر بھی بٹھا دیا جاتا ہے۔ سی ڈی اے میں کیا ہورہا ہے وہاں کوئی قانون ہے کہ نہیں۔ سی ڈی اے کا کرتا دھرتا کون ہے؟ من مانیاں کرنے والوں کو فارغ کریں اگر آپ نہیں کریں گے تو ہم کریں گے۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیئے کہ غلط لوگ دلیر بنے ہوئے ہیں اور صحیح لوگ ڈر رہے ہیں۔ عدالتی عظمیٰ نے سیکرٹری کیڈ‘ چیئرمین سی ڈی اے اور اٹارنی جنرل کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔

متعلقہ عنوان :