بھارت کے قابض اور غاصب حکمران تحریک تکمیل پاکستان کا راستہ نہیں روک سکتے‘وزیراعظم آزاد کشمیر

جمعہ 25 مارچ 2016 14:37

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 مارچ۔2016ء) وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیرچوہدری عبدالمجیدنے کہاہے کہ مقبوضہ کشمیرکے حریت پسند عوام کی تحریک تکمیل پاکستان کی جدوجہد کا میابیوں سے ہمکنار ہوکررہے گی۔ بھارت کے قابض اور غاصب حکمران تحریک تکمیل پاکستان کا راستہ نہیں روک سکتے۔ حریت پسند عوام نے مقبوضہ کشمیرمیں پاکستانی پرچم لہرادیا۔

اب سرینگر کے ہرگلی کوچے میں پاکستانی پرچم لہرائیں گے۔ وزیراعظم نے کہاکہ مقبوضہ کشمیرکے عوام بھارت سنگینیوں تلے پاکستانی پرچم لہرارہے ہیں اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگارہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان اہل کشمیر کی منزل ہی نہیں اہل کشمیر کے عقیدے اور نظریے کا حصہ ہے۔ کشمیری عوام پاکستانیت پرکبھی کمپرومائز نہیں کرسکتے۔

(جاری ہے)

پاکستان کے استحکام اور خوشحالی کے لیے اہل کشمیرقربانیاں دے رہے ہیں۔

پاکستان کے لیے اہل کشمیرکسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ تحریک آزادی کے بیس کیمپ کی حکومت اور عوام مقبوضہ کشمیرکے عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ ہم کشمیری شہداء کے مقدس لہوکورائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ وزیراعظم نے کہاکہ مقبوضہ کشمیرکے حریت پسند عوام کی تاریخ ساز قربانیوں نے کشمیرایشوکودنیاکافلیش پوائنٹ بنادیاہے۔ اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری کشمیریوں کوبھارت کے غاصبانہ تسلط سے آزادی دلوائے۔

بھارت نے مقبوضہ کشمیرکوملٹری کیمپ میں تبدیل کررکھاہے اور بھارت کی پیراملٹری فورسز کالے قوانین کے ذریعے کشمیریوں کی نسل کشی کررہی ہیں۔ مہذب دنیامقبوضہ کشمیرمیں قابض بھارتی فورسز کے ہاتھوں کشمیریوں کی نسل کشی بند کروائے اور بھارت کوطاقت کے استعمال سے باز رکھے۔ مختلف وفو د سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ آزاد کشمیرحکومت انتخابات کومنصفانہ ، آزادانہ بنانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی۔

انتخابات پرامن ماحول میں منعقد ہوں گے۔ پیپلزپارٹی یہ انتخابات کلین سویپ کرے گی۔ آزاد کشمیرکے باشعور عوام نے اپوزیشن کی منفی سیاست کومسترد کررکھاہے۔ اقتدارکے خواب دیکھنے والوں کے تمام منصوبے ناکام ہو نگے ۔ عوام پیپلزپارٹی کے ساتھ ہیں ہم عوامی حقوق کابھرپوتحفظ کریں گے۔ عوام کے حقوق پرکبھی کمپرومائز نہیں کریں گے۔ ریاستی تشخص پامال نہیں ہونے دیں گے۔ انتخابات کوہائی جیک کرنے والوں کے عزائم کامیاب نہیں ہوں گے۔